عوام خوف زدہ نہ ہوں، کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومت تیار ہے: اجمل وزیر
پشاور(سٹاف رپورٹر) وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ اجمل خان وزیر نے گزشتہ روز کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے بُلائے گئے کابینہ کے خصوصی اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کی تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے حکومت نے اس کی روک تھام کے لئے مکمل انتظامات کئے ہیں۔ میڈیا کو جاری کئے گئے اپنے پیغام میں مشیر اطلاعات نے کہا ہے کہ کابینہ کے فیصلوں پر عملدرآمد جاری ہے اور عوام کو تحفظ دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔تعلیمی اداروں کی بندش بارے اجمل خان وزیر نے کہا کہ جہاں بھی سکول یا دیگر تعلیمی ادارے کھلنے کی اطلاع ملی توان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی اور اس سلسلے میں وزیراعلی محمود خان نے تمام ضلعی انتظامیہ کو اختیارات تفویض کیے ہیں۔ تعلیمی اداروں کی بندش کے بارے میں مشیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ نے تعلیمی ادارے 15 دن تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس فیصلے کی مکمل پابندی کی جائے گی۔کرونا وائرس کی روک تھام کے لئے اُٹھائے گئے اقدامات کے بارے اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے مشیراطلاعات نے کہا کہ وزیراعلی محمودخان کی نگرانی میں ٹاسک فورس نے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات تیز کیے ہیں اور وہ خود کرونا وائرس کی تدارک سے متعلق اقدامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔اجمل خان وزیر نے اپنے ویڈیو پیغام میں یہ بھی بتایا کہ عوام بالکل بھی خوف کا شکار نہ ہوں، حکومت بھرپور انداز میں فرائضانجام دے رہی ہے۔ انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اجتماعات سے بچ کر احتیاطی تدابیر اپناکر خود کواور دوسروں کو اس وبا کا شکار ہونے سے بچائیں۔