پنجاب میں کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے قیدیوں کی سزامیں 2ماہ کی معافی کا اعلان

پنجاب میں کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے قیدیوں کی سزامیں 2ماہ کی معافی کا اعلان

  



لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے قیدیوں کی سزاؤں میں دو ماہ کی معافی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر وہ کام کررہے ہیں جس سے کرونا وائرس سے نمٹنے میں مدد ملے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عوام سے اپیل ہے کہ وہ کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومتی اقدامات کا بھرپور ساتھ دیں، عوام ”پرہیز علاج سے بہتر“ کے اصول پر عمل کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر کو اپنے معمول کا حصہ بنائیں،عوام کے تعاون سے کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے، کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہر طبقے کو اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرنا ہی کرونا وائرس سے نمٹنے کا موثر ذریعہ ہے، تعلیمی اداروں، شادی ہالوں اور سینما گھروں کو بند رکھنے کا فیصلہ عوام کے مفاد میں کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مزید کہا کہ عوام کی حفاظت کیلئے آئندہ بھی مزید اقدامات کرتے رہیں گے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپناہیلی کاپٹر کرونا ہیلتھ ایمرجنسی کے پیش نظر محکمہ صحت کے حوالے کر دیا۔ محکمہ صحت کرونا وائرس سے نمٹنے سے متعلقہ امور کی انجام دہی کیلئے وزیراعلیٰ کا ہیلی کاپٹر استعمال کرسکے گا۔ وزیراعلیٰ کے ہیلی کاپٹر پر ضروری طبی امداد کیلئے ادویات، آلات اور کٹس بھی جلد از جلد منتقل کی جاسکیں گی۔ ہیلی کاپٹر کو مریضوں کی منتقلی کیلئے بھی استعمال کیا جاسکے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے مریضوں کو علاج کیلئے مخصوص ہسپتالوں میں جلد از جلد منتقل کرنا ممکن ہوگا اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے طبی سرگرمیوں میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر پنجاب کے عوام کی امانت ہے، انہی کی سہولت کیلئے استعمال ہوگا۔مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ماہر اقتصادیات، دانشور و سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر مبشر حسن کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

سردار عثمان بزدار

مزید : پشاورصفحہ آخر