محمد حسین محنتی سے گھانچی فاؤنڈیشن کے صدر غلام محمد کی ملاقات

  محمد حسین محنتی سے گھانچی فاؤنڈیشن کے صدر غلام محمد کی ملاقات

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکومت شہر کے روڈ راستوں کی صورتحال بہتر اور بلدیاتی اداروں کو مالی وانتظامی اختیارات دیکر عوام کے بنیادی مسائل کوحل کرے، سڑکوں میں گڑھے اور خستہ حالی سے نہ صرف عوام کو مشکلات بلکہ گاڑیوں سمیت قوم کا بڑا نقصان ہورہاہے۔سارہ گھانچی فاؤنڈیشن کے تحت گڑھے بھر و اورعوامی شعوربیدارکرنے کی مہم قابل تعریف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں گھانچی فاؤنڈیشن کے صدر غلام محمد گھانچی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ گھانچی فاؤنڈیشن کے صدر غلام محمد گھانچی عرف گلوبھائی نے کہا کہ عوام کی لاپرواہی،حکومتی عدم توجہ اور بلدیاتی اداروں کی نااہلی کی وجہ سے شہر کی بڑی بڑی سڑکیں خستہ ہالی اور جگہ جگہ گڑھے پڑجانے کی وجہ سے عوام سخت مشکلات میں ہیں، معمولی کام کرنے کی بجائے دوبارہ مکمل سڑک کی تعمیر سے ملک کا بڑا بجٹ اسی میں خرچ ہوجاتا ہے،ہم نے ”گڑھے بھرو، ملک بچاؤ“ کے نام سے عوامی بیداری کی مہم شروع کی ہوئی ہے، اپنی مدد آپ کے تحت کام کررہے ہیں مگر یہ کام حکومت احسن طریقے سے کرسکتی ہے۔صوبائی امیر نے گھانچی فاؤنڈیشن کے صدر کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے بلدیاتی ناظمین اور پبلک ایڈ کمیٹی کے ذمہ داران کو اس طرف توجہ مبذول کرانے کے ساتھ حکومتی اداروں کو بھی گڑھے بھرو ملک بچاؤ کی تجاویز پر غور کرنے کی درخواست کرے گی کیونکہ سڑکوں پر گڑھے پڑجانے کی وجہ سے عوام اذیت کا شکار،گاڑیاں تباہ اور پیٹرول زیادہ خرچ ہونے کی وجہ سے قوم کا بڑا نقصان ہورہا ہے،معمولی خرچ اور گڑھے بھرنے سے پیٹرول کی بچت،گاڑیاں محفوظ اورعوام کا بڑا فائدہ ہوگا۔اس موقع پرصوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا اورمحمد اشرف گھانچی بھی ساتھ موجود تھے۔

مزید : صفحہ آخر