جمہوری اصلاحات کیلئے سول سوسائٹی حکومت فاصلے کم کرنا ضروری،جرمن سفیر

  جمہوری اصلاحات کیلئے سول سوسائٹی حکومت فاصلے کم کرنا ضروری،جرمن سفیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (آئی این پی)ملک میں جمہوری اور انسانی حقوق کی اصلاحات لانے کے لئے سول سوسائٹی اور حکومت کے مابین فاصلوں کو ختم کرنے کی ضرورت ہے، انسانی حقوق نے جمہوریت کی بنیاد تشکیل دی، ایک مضبوط جمہوریت معاشرے میں انسانی حقوق کے تحفظ اور حفاظت کی ضامن ہے، انسانی حقوق کی پامالی کو روکنے کے لئے سیاسی مدد ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار شرکاء نے ڈیموکریسی رپورٹنگ انٹرنیشنل (ڈی آر آئی) کے زیر اہتمام ”بین الصوبائی تبادلہ: پاکستان میں جمہوری اور انسانی حقوق کے اصلاحات''کے موضوع پر منعقدہ مکالمے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مکالمے میں غیر ملکی سفارتکاروں کے علاوہ ملک کے چاروں صوبوں کے قانون سازوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور ترقیاتی ماہرین نے شرکت کی۔ پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر برن ہارڈ شا نے کہا ہے کہ جرمنی پاکستان کو متعدد شعبوں میں انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے امداد فراہم کر رہا ہے،پاکستان کا آئین مذہب،ذات اور نسل سے بالاتر ہو کر تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔ شرکاء نے ملک میں جمہوری اور انسانی حقوق کی اصلاحات لانے کے لئے سول سوسائٹی اور حکومت کے مابین فاصلوں کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق نے جمہوریت کی بنیاد تشکیل دی اور ایک مضبوط جمہوریت معاشرے میں انسانی حقوق کے تحفظ اور حفاظت کی ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی پامالی کو روکنے کے لئے سیاسی تعاون ضروری ہے۔ جرمن سفیر اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ برہارڈ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سماجی تبدیلی دیکھنے میں آرہی ہے جبکہ خواتین کو بااختیار بنانا بھی معاشی استحکام کا باعث بنے گا کیونکہ معاشرے میں کوئی بھی تبدیلی اندر سے آتی ہے۔ اس کے لئے بین الاقوامی تعاون بھی اہم ہے لیکن یہ کام لوگوں کو خود کرنا چاہئے۔سفیر نے کہا کہ معاشرے کے مختلف طبقات کو اپنے حقوق کے تحفظ کے لئے آپس میں اتحاد قائم کرنا چاہئے۔مکالمے کے پہلے سیشن سے ڈی آر آئی کے کنٹری نمائندہ جاوید احمد ملک، رخشندہ ناز، خیبر پختونخوا کے محتسب برائے تحفظ خواتین نے بھی خطاب کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لئے سول سوسائٹی نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور سول سوسائٹی کے مابین فاصلوں کو کم کرنے کے لئے ٹھوس کوششوں کی ضرورت ہے۔دوسرے سیشن سے نیاز احمد، خیبر پختونخوا اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر محمود جان، پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون، پارلیمانی امور اور انسانی حقوق کے چیئرپرسن طاہر خلیل سندھو، سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سماجی بہبود وہیومن رائٹس کی چیئرپرسن بیرسٹر پیر مجیب الحق، بلوچستان اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سماجی بہبود و انسانی حقوق کے چیئرپرسن احمد نواز اور انسانی حقوق کمیشن برائے پاکستان کے جنرل سیکریٹری حارث خالق نے خطاب کیا۔
جرمن سفیر

مزید :

صفحہ اول -