نیب نے ہائی کورٹ میں درخواست کیوں دی ؟ مریم نواز نے وجہ بتا دی 

نیب نے ہائی کورٹ میں درخواست کیوں دی ؟ مریم نواز نے وجہ بتا دی 
نیب نے ہائی کورٹ میں درخواست کیوں دی ؟ مریم نواز نے وجہ بتا دی 

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اورمسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نیب نے ہائی کورٹ میں میرے خلاف بچوں والی درخواست دی ،سیاسی انجینئرنگ اور انتقام کے بعد نیب نے ٹھیکیداری کا کام شروع کردیا ہے اور ہائی کورٹ میں کہا ہے کہ مریم نواز اداروں کے خلاف بیان دیتی ہے،یہ درخواست دینے مقصدمریم نواز کو لانگ مارچ سے روکنا ہے ۔مریم نواز نے بتا یا جب عدالت میں نیب کے وکیل سے پوچھا گیا کہ اتنے عرصے بعد یہ بات کیوں یا د آئی تو انہوں نے جواب دیا کہ مریم نواز کی سیاسی مصروفیت کی وجہ سے پہلے درخواست نہیں دی ،میں حیران ہو ں کہ نیب نے اچانک اتنی دریا دلی دکھا دی کہ میری مصروفیت کا خیال کیا جا رہا ہے حالانکہ جب میری والدہ بستر مرگ پر تھی تو ہمیں ان کی عیادت کے لیے بھی چھٹی نہیں دی گئی اور پھر ہمیں سزا سنائی گئی ۔

مسلم لیگ ن کے مشاورتی اجلاس کے بعد میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں لانگ مارچ ،استعفوں کی آپشن اور دیگر ایشوز پر بات چیت ہوئی ،استعفوں کے معاملے پر پی ڈی ایم کے اجلاس میں بات کی جائے گی ،کل کے اجلاس کے بعد سب واضح ہو جائے گا کہ کونسی جماعت کہاں کھڑ ی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہر جماعت کا اپنا نقطہ نظر ہے لیکن پی ڈی ایم ابھی تک متحد کھڑی ہے ،جو پارٹی استعفوں کی آپشن کو نہیں مانتی اس کو منانے کی کوشش کریں گے ،ہم نے بھی ان کی بہت سی باتیں مانی ہیں ۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے الیکشن کمیشن سے متعلق بیان پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج تک ہم سنتے آئے ہیں کہ مسلم لیگ ن اداروں پر تنقید کرتی ہے ،اب لوگوں کو سمجھ آگئی ہو گی کہ اداروں پر تنقید اور اداروں پرحملوں میں کیا فرق ہوتا ہے ۔واضح رہے کہ حکومت نے الیکشن کمیشن پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بحثیت مجموعی استعفوں کا مطالبہ کیا ہے ۔

مزید :

قومی -