پاک افغان سیریز، نجم سیٹھی نے افغان کرکٹ بورڈ کو وارننگ دے دی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے افغانستان کرکٹ بورڈ(اے سی بی) کو متنبہ کر دیا ہے کہ وہ شارجہ میں ہونے والی سیریز کے دوران اپنے کھلاڑیوں کے روئیے پر نظر رکھیں اور ماضی کی طرح انہیں پاکستانی کھلاڑیوں کے خلاف اشتعال انگیزی سے باز رکھیں۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ”میں نے دبئی میں افغانستان کے حکام سے کراﺅڈ کنٹرول اور ان کے کھلاڑیوں کے روئیے کے بارے میں بات کی۔“
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ”میں نے ان سے پوچھا کہ آپ کے پاس اپنے مداحوں اور کھلاڑیوں کو سنبھالنے کی کیا ضمانت ہے، کیونکہ ماضی میں اس حوالے سے ہمارا تجربہ کچھ اچھا نہیں رہا۔ میں نے ان سے کہا ہے کہ وہ اپنے کھلاڑیوں کو کنٹرول کریں۔ جیت ہار کھیل کا حصہ ہوتی ہے۔ ہمارے پاس جیت اور ہار کے حوالے سے تجربہ ہے، اس لیے ہم اپنے جذبات پرع قابو رکھ سکتے ہیں۔ وہ بین الاقوامی کرکٹ میں نئے ہیں، اس لیے انہیں اپنے کھلاڑیوں پر قابورکھنے کی ضرورت ہے۔“
رپورٹ کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے مابین اس ٹی 20سیریز میں تین میچ ہونے جا رہے ہیں۔ سیریز کا آغاز 24مارچ سے ہو رہا ہے اور تینوں میچز شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں ہوں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال ایشیاءکپ میں جب دونوں ٹیمیں شارجہ میں آمنے سامنے ہوئی تھیں تو آصف علی اور افغانستان کے فاسٹ باﺅلر فرید احمد کے درمیان کافی گرما گرمی ہوئی تھی۔ فرید نے پہلے آصف کو دھکا دیا، جس سے بلے باز کو تیزی سے اپنا بیٹ اٹھانا پڑا، جیسے وہ فرید کو مارنا چاہ رہے ہوں۔ اس دوران میدان میں موجود کھلاڑیوں اور امپائرز نے مداخلت کی اور دونوں کھلاڑیوں کو الگ کیا۔