صفورا چورنگی:45بیگناہ افراد کے قتل پر راولپنڈی چیمبر کا اظہار افسوس
راولپنڈی(کامرس ڈیسک)راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرسید اسد مشہدی نے کراچی میں صفورا چورنگی واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچوں اور خواتین سمیت45بیگناہ افراد کابے دردی سے قتل غیر انسانی فعل ہے جسکی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ،چیمبر اس واقعہ پر اظہار افسوس کرتا ہے اور غم کی اس گھڑی میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہے اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے مطالبہ کرتا ہے کہ ملوث افراد کوکیفر کردار تک پہنچایا جائے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے بھی ضروری اقدمات اٹھائے جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبرمیں تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر سینئر نائب صدر میاں ہمایوں پرویز، نائب صدر صبور ملک اور دیگر ارکان بھی موجو د تھے۔ اسد مشہدی نے کہا کہ کراچی شہرپاکستان کا تجارتی مرکزہے اور ملک دشمن قوتیں شہر میں عدم استحکام پھیلا نے کی کوشش کر رہی ہیں،امن و امان کی خراب صورتحال اور حالیہ واقعہ جیسی وارداتوں سے ملک کا عالمی دنیا میں منفی تشخص پیداکرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ،اس نازک وقت پرپوری قوم کو متحد ہونے کی ضرورت ہے اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کا ساتھ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ کراچی میں امن پاکستان میں امن کے مترادف ہے ،صدر آر سی سی آئی نے کہا کہ اسلام دین حنیف اور امن و سلامتی کا دین ہے جس میں کسی غیر مسلم کے ساتھ بھی ظلم و زیادتی کی کو ئی گنجائش نہیں ،پوری قوم متحد ہے اور معاشرے کے اس ناسور کو ختم کرنے کے لئے پاک فوج کے شانہ بشانہ ساتھ کھڑی ہے ، ملک کی تمام کاروباری برادری پاک فوج کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور ہرقسم کے تعاون کا اظہار کرتی ہے ۔
صدر چیمبر نے کہا کہ کراچی میں حالیہ آپریشن سے دہشت گردی کے واقعات میں خاطر خواہ کمی آئی ہے اور آج کے واقعہ نے ثابت کر دیا ہے دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں اور اس قسم کے واقعات سے عوام میں خوف وہراس پیدا کرنا چاہ رہے ہیں جس میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔