ڈسٹرکٹ بورڈآف مینجمنٹ فنی تعلیم کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں‘ عرفان قیصر شیخ

ڈسٹرکٹ بورڈآف مینجمنٹ فنی تعلیم کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں‘ ...

لاہور (کامرس رپورٹر) ٹیکنیکل ایجوکیشن اور ووکیشنل ٹریننگ کے فروغ کیلئے ڈسٹرکٹ بورڈآف مینجمنٹ کی سفارشات اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ تمام ڈسٹرکٹ بورڈآف مینجمنٹ کے ساتھ روابط کا آغاز کر دیا ہے تاکہ ٹیوٹا اداروں میں فنی تعلیم کے فروغ کیلئے انکی سفارشات کو مد نظر رکھا جائے ۔ نوجوانوں کیلئے شارٹ کورسز کا کامیاب آغاز ان کے مستبقل کیلئے فائدہ مند ثابت ہو گا۔صوبہ بھر میں ڈسٹرکٹ بورڈآف مینجمنٹ مینجمنٹ ٹیوٹا اور صنعتی رابطوں کیلئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارچیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے ڈسٹرکٹ بورڈآف مینجمنٹ ملتان، خانیوال / وہاڑی، بہاولپور / لودھراں، ڈیرہ غازی خان / راجن پور کے صدور اور ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔خواجہ محمد عثمان، ملک محمد سعید،عامر یوسف علی خان، جاوید خان ڈاہا، اعجاز نوزام ، احسن جاوید، جمشید کریم خان، عمر فاروق ، زاہد حسین گردیزی اس موقع پر موجود تھے۔ جنرل منیجرز حامد غنی انجم، انجینئراظہر اقبال شاد، اختر عباس بھروانہ اور دیگر ٹیوٹا افسران نے بھی شرکت کی۔عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ فارغ التحصیل طلباء کی ملازمتوں کا حصول اور کاروبار کے آغاز کی فراہمی ٹیوٹا کی مرکزی ترجیحات میں شامل ہے۔انڈسٹری کی سفارشات کو مد نظر رکھتے ہوئے نئے کورسز کو متعارف کرانے کیلئے ٹیوٹا مختلف تنظیموں اور محکموں کے ساتھ یاداشتوں پر ستخط کر رہا ہے۔ڈسٹرکٹ بورڈآف مینجمنٹ ٹیوٹا کے اداروں کا معائنہ کرے تاکہ فنی تعلیمی اداروں کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کیلئے انکی سفارشات کو مد نظر رکھا جائے ۔ڈسٹرکٹ بورڈآف مینجمنٹ ملتان، بہاولپور / لودھراں، ڈیرہ غازی خان / راجن پور کے صدورخواجہ محمد عثمان، ملک محمد سعید اورعامر یوسف علی خان نے اپنے اپنے خطاب میں ٹیوٹا کی جانب سے بیروزگار نوجوانوں کیلئے شارٹ کورسز کے آغاز کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ اتھارٹی کو بہتر نتائج حاصل کرنے کیلئے ڈسٹرکٹ بورڈآف مینجمنٹ سے مسلسل رابطہ برقرار رکھنا چاہئے اس سے قبل ڈسٹرکٹ بورڈآف مینجمنٹ کا کوئی موثرکردار نہیں تھا۔اب پر امید ہیں کہ موجودہ انتظامیہ ٹیکنیکل ایجوکیشن اور ووکیشنل ٹریننگ کے فروغ کیلئے ضروری اقدامات کریگی۔

یہ جدوجہد مقامی اور بین الاقوامی سطح پر ٹیوٹا کے فارغ التحصیل طلباء کیلئے روزگار فراہم کرنے کے لئے مددگار ثابت ہو گی اور ہنر مند افرادی قوت قومی معیشت کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کریگی۔

مزید : کامرس