محکمہ خوراک پنجاب نے کاشتکاروں سے22لاکھ میٹرک ٹن گندم خرید لی

محکمہ خوراک پنجاب نے کاشتکاروں سے22لاکھ میٹرک ٹن گندم خرید لی

 لاہور (اے پی پی) محکمہ خوراک پنجاب نے کاشتکاروں سے مقررہ ہدف 40لاکھ میٹرک ٹن میں سے اب تک 22 لاکھ میٹرک ٹن گندم خرید لی ہے اور کاشتکاروں میں 33لاکھ میٹرک ٹن باردانہ بھی تقسیم کر دیا گیا۔محکمہ خوراک کے ترجمان کے مطا بق کاشتکاروں سے خریداری مہم کے دوران50 فیصد سے زائد گندم خریدی جا چکی ہے جبکہ پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر باردانے کی تقسیم بھی جا ر ی ہے اور اب تک33 لاکھ میٹرک ٹن باردانہ تقسیم کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ موسم کی غیر یقینی صورتحال سے گندم کو محفوظ رکھنے کیلئے خریداری مراکز پر بہترین انتظامات کئے گئے ہیں اور تمام خریداری مراکز پرترپالیں اور دیگر سامان دستیاب ہے۔ جسے موسم کی خرابی کی صورت میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کاشتکاروں سے گندم انتہائی شفاف انداز میں خریدی جا رہی ہے اور خریداری مراکز پر تعینات عملہ کو کاشتکاروں کے ساتھ بہتر رویہ اختیار کرنے اور انہیں تمام تر سہولیات فراہم کرنے کی سخت ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کسانوں کو معاوضہ کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے ۔

مزید : کامرس