چار ملکی ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کو سیکھنے کا بہت موقع ملا،محمد عمران

چار ملکی ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کو سیکھنے کا بہت موقع ملا،محمد عمران

لاہور( سپورٹس رپورٹر) ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عمران نے کہا ہے کہ گرین شرٹس آئندہ برس برازیل میں شیڈول ریو اولمپکس گیمز تک رسائی کیلئے ورلڈ لیگ میں صلاحیتوں سے بڑھ کر کارکردگی دکھائے گی، آسٹریلیا میں منعقدہ چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں سے کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے اور یہ تجربہ بیلجیئم میں شیڈول ورلڈ لیگ میں ہمارے لئے فائدہ مند ثابت ہو گا۔ ورلڈ لیگ 20 جون سے 5 جولائی تک کھیلا جائے گا اور ریو اولمپکس گیمز تک رسائی کیلئے پاکستان کو ہر حال میں ٹاپ تھری ٹیموں میں اختتام کرنا ہو گا۔ جمعرات کو اپنے انٹرویو میں پاکستانی ٹیم کے قائد نے کہا کہ چار ملکی ایونٹ میں ٹیم کی کارکردگی اتنی شاندار نہیں رہی تاہم کھلاڑیوں نے بہت کچھ سیکھا ہے اور کھلاڑی مستقبل میں بہتر پرفارمنس دکھانے کیلئے پر اعتماد ہیں، ٹیم کا مورال اب بھی بلند ہے، گرین شرٹس نے گزشتہ برس چیمپئنز ٹرافی میں عمدہ پرفارم کیا اور اس کے بعد ایشیا کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی