میسو گرومنگ سسٹم کا سانحہ کراچی پر اظہار افسوس

میسو گرومنگ سسٹم کا سانحہ کراچی پر اظہار افسوس

 لاہور(لیڈی رپورٹر) فلاحی ادارے میسو گرومنگ سسٹم کے جنرل سیکرٹری زبیر خان نے اسماعیلی کمیونٹی کی بس پر ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کی ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روشنیوں کے شہر کراچی میں قتل عام کرنے والے سفاک قاتل امن کے دشمن اور انسانیت کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہیں۔گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسماعیلی کمیونٹی کو ٹارگٹ کرنا جو تعلیم و صحت کے شعبے میں خدمات کا بیش بہاخاموش ریکارڈ رکھتی ہے نا قابل معافی جرم ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام سلامتی کا دین ہے ،اسلام نے امن ،محبت اور انسانیت کے احترام کا درس دیا لیکن مٹھی بھر دہشت گرد وں نے انسانیت کو موت کے گھاٹ اتارنا شروع کر دیا ہے۔    انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم کو کمزور نہیں کیا جا سکتا ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی سانحہ صفورا جیسی بزدلانہ کارروائی کے پیش نظر سکیورٹی حکام کو اپنی دہشت گردی مخالف حکمت عملی کو مزید نتیجہ خیز بنانا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے۔   اور دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو بھی کیفر کردار تک پہنچا کر دم لے گی۔انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کی کارروائیوں سے شمالی وزیرستان کا بیشتر علاقہ دہشت گردوں سے پاک ہو چکا ہے لہذا حکومت آپریشن ضرب عضب کا دائرہ پورے ملک تک پھیلائے تا کہ پاک فوج جنرل راحیل شریف کی قیادت میں ملک بھر سے دہشت گردوں کا نام و نشان مٹا کر پاکستان کو امن کا گہوارا بنائے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4