دینی مدارس کو جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اہم ضرورت ہے،شہریار سلطان

دینی مدارس کو جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اہم ضرورت ہے،شہریار سلطان

 لاہور (خبر نگار خصوصی) دینی مدارس کو جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، موجودہ حکومت اس پر بھرپور توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، اس سلسلے میں محکمہ اوقاف نے جامعہ ہجویریہ میں انگریزی اور ریاضی جیسے عصری مضامین کی تدریس کے لیے اساتذہ کی فراہمی اور کمپیوٹر اور لینگوئج لیب جیسے پراجیکٹ کی تشکیل ، کلاس رومز اور جدید لائبریری کے قیام کی منظوری دی ہے ، جس سے جامعہ ہجویریہ پنجاب کے اندرپہلے "ماڈل دینی مدرسہ "کے طور پر سامنے آئے گا ۔ان خیالات کا اظہار محکمہ اوقاف ومذہبی امور پنجاب کے زیر اہتمام حضرت داتا گنج بخشؒ کے آستاں پر قائم ، عظیم دینی درسگاہ جامعہ ہجویریہ میں تقریب سعید بسلسلہ ختم بخاری شریف، دستار فضیلت وتقسیم کے اسناد کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے۔ محمد شہریار سلطان سیکرٹری/ چیف ایڈمنسٹریٹر اور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ڈائریکٹر جنرل اوقاف نے کیا۔انہوں نے کہا کہ دینی مدارس علوم کا منبع اور اخلاق وتہذیب کا مصدر ، اور ہماری اسلامی تاریخ کا درخشاں اور روشن باب ہیں۔ ان کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی طرف ہم اور دینی مدارس کے ذمہ داران یکساں انداز میں کوشاں ہیں۔     انہوں نے مزید کہا کہ آج دہشت اور وحشت کے جو سائے مدارس اور محراب ومنبر کے گرد منڈلا رہے ہیں اس کے لیے ضروری ہے کہ صوفیاء کے اسلوب محبت اور طرزِ تبلیغ کو عام کیا جائے تاکہ اسلام کی محبت آمیز تصویر دنیا کے سامنے پیش ہوسکے ۔ اس موقع پر دورۂ حدیث کے 84طلبہ، تخصص الفقہ کے 10، موقوف علیہ کے 36طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں جبکہ تنظیم المدارس ، پنجاب یونیورسٹی اور لاہور بورڈکے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے 22طلباء کووظائف دیے گئے جبکہ 100طلباء کے تعلیمی وظائف کا اجراء بھی عمل میں آیا ۔ قبل ازیں ختم بخاری کے حوالے سے شیخ الحدیث سید حسین الدین شاہ نے بخاری شریف کی حدیث پڑھا کر موضوع کی مناسبت سے گفتگو فرمائی۔ اس موقع پر دینی مدارس کے ذمہ داران ، شیوخ الحدیث ، مشائخ وعلماء اور عمائدین جن میں مفتی محمد رمضان سیالوی خطیب داتا دربار ، قاری محمد عارف سیالوی صوبائی خطیب اوقاف ، مولانا غلام محمد سیالوی چیئرمین پنجاب قرآن بورڈ،مفتی محمد صدیق ہزاروی ، علامہ صاحبزادہ عبدالمصطفیٰ ہزاروی، مولانا راغب حسین نعیمی، مولانا محب اﷲ نوری، علامہ بدرالزمان قادری پرنسپل جامعہ ہجویریہ، ڈاکٹر اجمل نیازی اور قاری رفیع الدین سیالوی بطور خاص شامل ہیں ، نے شرکت کی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4