کراچی میں کالعدم تنظیموں کیخلاف آپریشن تیز کرنے کا فیصلہ

کراچی میں کالعدم تنظیموں کیخلاف آپریشن تیز کرنے کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 کراچی (سٹاف رپورٹر+آئی این پی) کراچی کے علاقے الاظہر گارڈن میں سانحہ صفورا چورنگی میں اسماعیلی برادری کے جاں بحق ہونے والے 44 افراد کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کردی گئی‘ نماز جنازہ میں اسماعیلی برادری سمیت سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر جاں بحق ہونے والے افراد کے لئے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔ جاں بحق ہونے والے افراد کی تدفین شادمان ٹاؤن کے قریب اسماعیلی برادری کے قبرستان سخی حسن میں کی گئی۔ تدفین کے وقت قبرستان کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی جبکہ کراچی سمیت شہر بھر میں سانحہ صفورا چورنگی پر سوگ کی فضا رہی۔ کراچی میں تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے۔ تعلیمی سرگرمیاں بھی معطل کردی گئیں جامع کراچی میں گزشتہ روزہونے والے پرچے بھی ملتوی کردیئے گئے۔


کراچی(اے این این) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کے زیرصدارت ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کراچی میں قبضے کی زمینوں پر قائم مدرسوں کی نشاندہی ، پیرول پر رہا افراد کی فوری گرفتاری اور کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن مزید تیز کرنے کا فیصلہ،شہرقائد کے داخلی راستوں پر رینجرز کی چوکیاں قائم کی جائیں گی جبکہ اجلاس میں کراچی میں مقیم لاکھوں افغان مہاجرین سمیت دیگر غیر ملکیوں کی فوری واپسی سے متعلق بھی اقدامات کرنے پر بھی غور کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق کورہیڈکوارٹرز کراچی میں اپیکس کمیٹی کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹنٹ جنرل رضوان اختر ، کور کمانڈر کراچی لیفٹنٹ جنرل نوید مختار ، وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ، ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر ، آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی اور حساس اداروں کے سربراہان نے بھی شرکت کی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی کے داخلی راستوں پر رینجرز کی چوکیاں فوری طور پر قائم کی جائیں ، اس کے ساتھ کراچی میں قبضے کی زمینوں پر قائم مدرسوں کی نشاندہی ، پے رول پر رہا افراد کی فوری گرفتاری اور کالعدم تنظیمیوں کے خلاف آپریشن مزید تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں کراچی میں مقیم لاکھوں افغان مہاجرین سمیت دیگر غیر ملکیوں کی فوری واپسی سے متعلق بھی اقدامات کرنے پرغورکیاگیاجبکہ سانحہ صفورا کی تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت اور دہشت گردی کے خلاف قومی لائحہ عمل پر سندھ حکومت کے اب تک کئے گئے اقدامات سمیت دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ادھر آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں آپریشن میں پیشرفت اور کارروائیوں کے ساتھ ساتھ سانحہ صفورامیں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے کی جانیوالی کوششوں کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ آئی ایس ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہفتہ وار بنیاد پر بلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزید :

صفحہ اول -