سانحہ کراچی ،زمبابوے کرکٹ ٹیم کا دورہ خطرے میں پڑ گیا ،پاکستان کی دورے کو بچانے کی سرتوڑ کوششیں

سانحہ کراچی ،زمبابوے کرکٹ ٹیم کا دورہ خطرے میں پڑ گیا ،پاکستان کی دورے کو ...

 لاہور(سپورٹس رپورٹر)زمبابوے کرکٹ ٹیم پاکستان کادورہ کرے گی یانہیں،زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے زمبابوے کرکٹ یونین کافیصلہ آج متوقع ہے، زمبابوے نے اپنی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی منسوخی کا فیصلہ کرکے اسے چند لمحات میں ہی واپس لے لیا،پی سی بی حکام اورڈیوڈواٹمورزمبابوے کودورہ پاکستان کے لئے قائل کرنے میں مصرف ،زمبابوے کرکٹ یونین کا کہنا ہے کہ وہ اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کے بارے میں اس وقت اپنی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہے۔جمعرات کے روززمبابوے بورڈ نے پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے کے اعلان کے صرف 15 منٹ بعد ہی ایک دوسرا بیان جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے دورے کی منسوخی کے حوالے سے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا اور اس پر اعلیٰ سطح پر مزید بات چیت کی جارہی ہے۔زمبابوے کرکٹ کے ترجمان لوو موبینڈا کے مطابق دورے کی منسوخی کے بارے میں جاری کردہ پریس ریلیز کو واپس لے لیا گیا ہے اور ایک دوسرا پریس ریلیز جاری کیا گیا ہے اور میڈیا سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ پہلی پریس ریلیز کو نظرانداز کردے۔انھوں نے کہا کہ زمبابوے کرکٹ کا اجلاس جاری ہے جس میں اس دورے کے بارے میں غور کیا جا رہا ہے اور جو بھی فیصلہ ہوگا وہی ہمارا موقف ہوگا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے جی ایم میڈیاآغااکبرکے مطابق زمبابوے کی جانب سے دورہ پاکستان کی منسوخی کے بارے میں زمبابوے نے ابھی تک باضابطہ طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو مطلع نہیں کیا۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ ڈیوڈواٹمورجوکہ زمبابوے کے کوچ ہیں وہ زمبابوے حکام کودورہ پاکستان کے لئے منانے کی کوششیں کررہے ہیں ڈیوڈواٹمورکاکہناہے کہ پاکستان میں ایسے واقعات ہوتے رہتے ہیں لیکن زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کوپاکستان میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگااورزمبابوے کادورہ پاکستان دونوں ملکوں کے مفادمیں ہوگا۔واضح رہے کہ زمبابوے نے اگرچہ اس دورے کی تصدیق کررکھی ہے لیکن کراچی میں دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پنتالیس اسماعیلی فرقے کے افراد کی ہلاکتوں کے واقعے کے بعد قیاس آرائیاں پیدا ہوئی ہیں کہ زمبابوے ٹیم پاکستان نہ آئے۔زمبابوے کی سکیورٹی ٹیم گزشتہ دنوں لاہور آئی تھی جس نے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا تھا۔واضح رہے کہ پاکستان میں مارچ دو ہزار نو میں سری لنکن ٹیم پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد سے انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلی جاسکی ۔ زمبابوے کی کرکٹ ٹیم نے 19مئی کو پاکستان پہنچنا تھا اور دورہ کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹی ٹوئنٹی میچز 22 اور 24 مئی کو اور تین ون ڈے میچز 26، 29 اور 31 مئی کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے تھے ۔ سری لنکن ٹیم پر 2009میں لاہور میں ہونے والے حملہ کے بعد زمبابوے آئی سی سی کا پہلا فل ممبر ملک ہے جس کی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کرنا تھا ۔ زمبابوے ٹیم کے دورہ پاکستان منسوخ ہونے کی خبروں سے شائقین کرکٹ میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی۔

مزید : صفحہ اول