لاہور میں دہشتگردی کا خطرہ ،سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ،داخلی و خارجی راستوں پر رینجرز تعینات

لاہور میں دہشتگردی کا خطرہ ،سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ،داخلی و خارجی ...

 لاہور(کر ائم سیل) سانحہ صفورا گوٹھ کراچی کے بعد صوبائی دارالحکومت میں کسی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ، ممکنہ دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر جگہ جگہ ناکہ بندی کر کے حساس علاقوں کو سیل کر دیا گیا جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر رینجر تعینات کر دی گئی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اطلاع دی ہے کہ سانحہ صفورا گوٹھ کراچی کے بعد لاہور میں بھی دہشت گردی کاخطرہ ہے جس پر اعلیٰ پولیس افسران نے ہنگامی اجلاس طلب کر کے تمام افسران کو شہر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔بتایاگیاہے کہ ڈیفنس سرکل ، شاہدرہ سرکل ،اندرون شہر ، لوئر مال ، ملت پارک ، ٹاون شپ ، گرین ٹاؤن ، اقبال ٹاؤن ، بند روڈ ، نواں کوٹ ، شیراکوٹ ، نشتر کالونی و دیگر حساس علاقوں میں پولیس نے ناکہ بندی کر دی اور سخت چیکنگ کی گئی جبکہ پولیس افسران سیکیورٹی کے حوالے سے خود گشت کر کے سیکیورٹی چیک کرتے رہے۔ اس دوران پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کر کے متعدد مشکوک افراد کوگرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ۔

مزید : صفحہ اول