،خادم پنجاب رورل روڈز پروگرام روشن ،مستقبل کی ضمانت ہے،فرخ جاوید

،خادم پنجاب رورل روڈز پروگرام روشن ،مستقبل کی ضمانت ہے،فرخ جاوید

لاہور(پ ر) خادم پنجاب دیہی سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کے پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں ہزاروں کلومیٹر پر نئی سڑکیں تعمیر کی جا رہی ہیں۔سڑکوں اور انکے کناروں کو مضبوط اور محفوظ بنانے کیلئے جامع پلان مرتب کیا جارہا ہے ۔ ابتدائی مرحلے میں دو ہزار کلومیٹر پر 255 نئی سڑکیں تیار ہوں گی جن کیلئے خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔150ارب روپے کی لاگت سے تیا رہونے والی یہ سڑکیں دیہی آبادی کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ رورل روڈ زپروگرام سے 3سالوں میں پنجاب بھر کی دیہی سڑکوں کا چہرا نکھر جائے گاجو دیہی معیشت کی بہتری کیلئے ایک سنگ میل ہوگا۔ سڑکوں کے گرد زمین کی دستیابی کے مطابق درخت لگائے جائیں گے اور مختلف ریجنز میں روڈ ریسرچ لیب بنائی جائیں گی ۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے خادم پنجاب رورل روڈز پروگرام پر عمل درآمد کے حوالے سے سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عرفان الہی، سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس میاں مشتاق، فنانس ڈیپارٹمنٹ، نیسپاک اور متعلقہ محکموں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب میں ڈاکٹر فرخ جاوید کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے تحت تیار کردہ سڑکیں کسانوں کو اپنی اجناس کھیت سے منڈیوں تک لانے میں معاون ثابت ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ شہرمیں ملازمت کرنے والوں، تعلیم و علاج کیلئے جانے والوں سب کیلئے ان سڑکوں کی افادیت یکساں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے میں پنجاب کے تمام اضلاع کو شامل کیا گیا ہے اور ہر ضلع میں میرٹ کی بنیاد پر نئی سڑکیں تعمیر کی جائیں گی۔ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہاکہ دیہی زندگی میں انقلاب کیلئے اٹھائے گئے اس پہلے قدم کا کریڈٹ بھی وزیراعلیٰ پنجاب کو جاتا ہے۔ خادم پنجاب رورل روڈز پروگرام کے تحت پرانی سڑکوں کی تعمیرنو اور نئی سڑکوں کی بین الاقوامی معیار کے مطابق تعمیر کی جائے گی۔

مزید : علاقائی