کے پی کے میں خواتین کو ووٹ کے حق سے محروم رکھنا آئین کے خلاف ہے،محمد جمیل

کے پی کے میں خواتین کو ووٹ کے حق سے محروم رکھنا آئین کے خلاف ہے،محمد جمیل

 لاہور(پ ر) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدرمحمد جمیل نے کہا ہے کہ خیبرپختونخواہ کے صوبائی حلقہ پی کے 95 لوئر دیرمیں معاہدے کے تحت خواتین کو ووٹ کے حق سے محروم رکھ کرالیکشن رولز کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں،چیف الیکشن کمشنر حلقہ میں ضمنی انتخاب کو کالعدم قرار دیکردوبارہ پولنگ کا حکم دیں۔ ایک بیان میں ا نہوں نے کہاخواتین کو حق رائے دہی سے محروم رکھنا ملکی آئین اور الیکشن قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے اس معاملے کانوٹس لینے کاخیر مقدم کرتے ہیں   اور ہمارا مطالبہ ہے کہ حال ہی میں ہونیوالے ضمنی الیکشن کو کالعدم قرار دیکر حلقہ میں دوبارہ پولنگ کروائی جائے اور خواتین کو اپنے حق رائے دہی کے آزادانہ استعمال کا پورا موقع فراہم کیا جائے،انہوں نے کہا ملکی ترقی اور سیاسی میدان میں خواتین کے کردار کی اہمیت کو قطعی طور پر نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ،خفیہ معاہدے کے تحت خواتین کو ووٹ ڈالنے سے محروم رکھنابنیادی انسانی حقوق کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے،اگر فریقین کے مابین معاہدہ ثابت ہوجاتا ہے تو انکے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے کا بھی حکم جاری کیا جائے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1