کالعدم تحریک طالبان کے امیر ملافضل اللہ کا’را‘ کے افسران سے ملاقات کا انکشاف
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) کالعدم تحریک طالبان کے امیر ملا فضل اللہ کابھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے افسران سے ملاقات کا انکشاف ہوا ہے ۔نیو ٹی وی چینل کے ذرائع کے مطابق ملا فضل اللہ اور’را‘ کے افسران کی ملاقات افغانستان کے صوبہ کنڑ میں ہوئی اور پاکستان میں بد امنی پھیلانے کیلئے کیمپ کابل ،کنڑ اور قندھار میں قائم کیے گئے ہیں ۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ بلوچستان میں بد امنی پھیلانے میں بھی بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کاہاتھ بے نقاب ہو گیا ہے جو بلوچستان میں علیحدگی پسند تحریکوں کو ڈائریکٹ فنڈنگ کرتی ہے۔ذرائع کے مطابق بلوچ لیڈروں کے بھارتی پاسپورٹ استعمال کرنے کے ثبوت بھی ملیں ہیں جو حکومت نے افغان حکومت کے حوالے کر دیئے ہیں ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے افغان حکومت کو کہا ہے کہ پاکستان میں بد امنی پھیلانے والوں کے خلاف یا خود کاروائی کریں یا ہمیں اجازت دیں ۔