آرمی نے دوسری قومی وویمن روڈ سائیکلنگ چیمپئین شپ جیت لی

آرمی نے دوسری قومی وویمن روڈ سائیکلنگ چیمپئین شپ جیت لی

  

اسلام آباد(اے پی پی) پاکستان آرمی نے دوسری قومی وویمن روڈ سائیکلنگ چیمپئین شپ جیت لی، جونئیر ایونٹ کا ٹائٹل پنجاب نے اپنے نام کیا۔ اتوار کو پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلے گئے دو روزہ سینئر ٹیم ایونٹ مقابلوں میں پاکستان آرمی نے102پوائنٹس لیکر ٹائٹل اپنے نام کیا۔واپڈا نے51پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور پنجاب نے26پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سینئر انفرادی ایونٹ مقابلوں میں پاکستان آرمی کی صبیحہ نے پہلی،سوئی سدرن گیس کی راجیہ نے دوسری اور واپڈا کی فضاء ریاض نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔اسی طرح جونےئر انفرادی مقابلوں میں پنجاب کی انسہ بابر نے پہلی، پختونخوا کی فریال نے دوسری اور حادیہ نے تیسری پوزیشن حاصل کیں۔ ایونٹ کے اختتامی تقریب کے مہمان خصو صی سی ڈی اے اور ایم سی آئی کے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اینڈ کلچر ثناء اللہ امان تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔اس موقع پر پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری سید اظہر علی شاہ،افعانستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر استاد صادق صدیقی اور پاکستان سائیکلنگ ایسوسی ایشنز کے عہدیداران سیمت کھلاڑیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اینڈ کلچر ثناء اللہ امان نے کہا کہ ایونٹ میں افعانستان ٹیم کی شرکت کو سراہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سائیکلنگ کے مقابلے نوجوانوں میں مشہور ہوتے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے ساتھ مل کر اسلام آباد میں سائیکلنگ ایونٹس کا انعقاد کریں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری سید اظہر علی شاہ نے کہا کہ فیڈریشن سالانہ کیلینڈر کے مطابق مختلف قومی ایونٹس کا انعقاد کرچکے ہیں۔ قومی ایونٹس میں خواتین مرد کھلاڑیوں سے آگے جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ فیڈریشن نے خواتین کھلاڑیوں کو جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت کے لئے کوریا بھجوایا ہے جنہوں نے وہاں پر تربیت پر حاصل کی ہے ۔ ان کھلاڑیوں کے تمام اخراجات کورین سائیکلنگ فیڈریشن نے برداشت کی۔ انہوں نے کہاکہ جونیئر کھلاڑیوں کو تربیت کے لئے کوریا بھجوائیں گے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -