شمالی کوریا نے ایک اور میزائل کا تجربہ کر لیا، جنوبی کوریا اور امریکہ کو تشویش

شمالی کوریا نے ایک اور میزائل کا تجربہ کر لیا، جنوبی کوریا اور امریکہ کو ...

  

پیانگ یانگ/سیول/واشنگٹن(این این آئی)شمالی کوریا نے ایک اور میزائل تجربہ کرلیا‘جنوبی کوریا اور امریکہ کو شدید تشویش‘امریکہ نے سخت پابندیوں کا عندیہ دیدیا۔جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے مغربی ساحل کے قریب ایک بیلسٹک میزائل داغا ہے جس پر جنوبی کوریا نے اپنے غصے کا اظہار کیا ہے۔خیال رہے کہ میزائل کا یہ تجربہ جنوبی کوریا میں نئے صدر کے برسراقتدار آنے کے چند دن بعد کیا گیا ہے اور اس کی وجہ سے نئے صدر مون جے ان پر سخت دباؤ ہوگا کیونکہ انھوں نے شمالی کوریا کے ساتھ بہتر رابطے کے تحت انتخابی مہم چلائی تھی۔یہ میزائل شمالی کوریا کے دارالحکومت پیانگ یانگ کے شمال مغربی شہر کسونگ کے قریب لانچ کیا گیا اور یہ سینکڑوں میل کے سفر کے بعد بحر جاپان میں گرا۔شمالی کوریا نے رواں برس سلسلہ وار میزائل ٹیسٹ کیے ہیں جس پر عالمی پیمانے پر خدشات نے سر ابھارے اور امریکہ کے ساتھ کشیدگی میں اضافہ ہوا۔شمالی کوریا نے گذشتہ ماہ بھی میزائل کے دو تجربات کیے تھے جو ناکام رہے تھے۔دوسری جانب جنوبی کوریا اور جاپان نے شمالی کوریا کی جانب سے لانچ کیے جانے والے میزائل کی مزمت کی ہے۔جنوبی کوریا کی خبر رساں ایجنسی ونہاپ کے مطابق ملک کے نئے صدر مون جے اْن نے اس صورتِ حال کے تناظر میں اپنی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے اور اسے اشتعال انگیزی سے تعبیر کیا ہے۔ان کے ترجمان نے کہاکہ صدر نے کہا کہ جنوبی کوریا شمالی کوریا کے ساتھ بات چیت کے امکانات حامی ہے لیکن یہ اسی وقت ممکن ہے جب شمالی کوریا اپنے رویے میں تبدیلی لائے۔شمالی کوریا نے حالیہ مہینوں میں کئی بار میزائل کے تجربات کیے ہیں اور اس نے چھٹے جوہری تجربے کی بھی دھمکی دے رکھی ہے۔جنوبی کوریا کی فوج نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ نامعلوم پروجیکٹ ٹائل کسونگ سے داغا گیا تاہم اس نے مزید تفصیل نہیں بتائی۔دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کے خیال میں روس بھی اس سے خوش نہیں ہوا ہوگا کیونکہ یہ میزائل روسی سرزمین سے زیادہ دور نہیں گرا ہے۔اس میں کہا گیا ہے کہ مزید میزائل لانچ کا نتیجہ شمالی کوریا کے خلاف پابندیوں میں مزید سختی ہوگی۔چین جو کہ شمالی کوریا کا واحد بڑا اتحادی ہے اس نے حالیہ تجربات کے تناظر میں شمالی کوریا کو نظم و ضبط سے کام لینے کے لیے کہا ہے۔گذشتہ ماہ شمالی کوریا کا ایک میزائل تجربہ مبینہ طور پر ناکام ہوا تھا ۔

جس کے بارے میں امریکہ اور جنوبی کوریا کا کہنا تھا کہ میزائل لانچ کے چند سیکنڈ بعد ہی پھٹ گیا۔شمالی کوریا نے حالیہ مہینوں میں کئی بار میزائل کے تجربات کیے ہیں اور چھٹا جوہری تجربہ کرنے کی بھی دھمکی دے رکھی ہے۔حالیہ ہفتوں کے دوران شمالی کوریا اور امریکہ کے درمیان شدید بیان بازی کے بعد کوریائی جزیرہ نما میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔واضح رہے کہ امریکہ نے شمالی کوریا پر گذشتہ سال مزید پابندیاں عائد کی تھیں۔یہ پابندیاں شمالی کوریا کی جانب سے چھ جنوری 2016 کو کیے گئے جوہری تجربے اور سات فروری کے سیٹلائٹ لانچ کے بعد عائد کی گئی تھیں۔

مزید :

عالمی منظر -