پیپلز پارٹی کی پالیسیوں نے سندھ کو تباہ کردیا ہے، ڈاکٹرعارف علوی
کراچی(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے اپنے 9سالہ دور حکومت میں صحت کے شعبے کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔ سندھ کے ہسپتالوں میں مریضوں کو دوائیاں میسر نہیں ہیں اور ہسپتالوں کو عملہ بھی غیر حاضر ہوتا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف صحت کے شعبے میں بہتری لانے کے لئے کوشاں ہے ۔ یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز پارٹی سیکریٹریٹ ’’انصاف ہاؤس‘‘ میں پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم ، فنگشنل لیگ اور دیگر جماعتوں سے مستعفی ہو کر تحریک انصاف میں شمولیت کرنے والے سول ہسپتال کے سینکڑوں پیرا میڈیکل اسٹاف کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ کراچی ریجن کے قائم مقام صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان، پی ٹی آئی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات الیاس شیخ، سابق سینیٹر ہمایوں مندوخیل، ملک شہزاد اعوان اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہو گی کہ ہم پاکستان تحریک انصاف کی پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کے ذریعے سندھ کی عوام کی خدمت کریں۔ پیپلز پارٹی کے وزرا ء کرپشن میں مصروف ہیں۔ ایک وزیر صحت ، صحت کے شعبے کو تباہ کر کے وزیر تعلیم بن گئے ہیں اور دوسرے وزیر صحت شعبے کو مزید تباہ کرنے میں مصروف عمل نظر آرہے ہیں۔ انہیں سند ھ کی غریب عوام کی کوئی پرواہ نہیں ۔اس موقع پر کراچی ریجن کے قائم مقام صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش یہی ہوتی ہے کہ سندھ اسمبلی میں سب سے زیادہ صحت کے مسائل اٹھائیں۔ اب تحریک انصاف کی کوشش ہے کہ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے اندر پیپلز پارٹی کی کرپشن کو پوری طرح سے بے نقاب کریں گے۔ تحریک انصاف نے پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کی شروعات سول ہسپتال سے کر دی ہے اور انشاء اللہ بہت جلد ہم جناح ہسپتال اور پورے صوبے کے ہسپتالوں میں بھی پیرا میڈیکل ٹیم تشکیل دیں گے۔ سندھ سمیت پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے ہسپتالوں کا حال بہت بد تر ہو چکا ہے۔ ہسپتالوں میں نہ دوائیاں ہیں اور نہ ڈاکٹر ز اور عملہ نظر آتا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ہم نے سندھ اسمبلی میں چکن گونیا وائرس کے خلاف تحریک التوا جمع کروائی تھی جسکی وزیر صحت سندھ نے مخالفت کی۔ کراچی جیسے شہر میں اب تک 75ہزار سے زائد لوگ چکن گونیا وائرس کا شکا ر ہو چکے ہیں اور سندھ حکومت کے وزراء کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگتی ۔اس موقع پر دادو سے تعلق رکھنے والے معروف شخصیت اظہر لغاری نے بھی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ دادو کے اندر تین روز پہلے پیپلز پارٹی کی جانب سے حکم پر تحریک انصاف کے تمام پوسٹرز ، بینرز اور جھنڈے اتار لئے گئے ہیں۔ ہم پیپلز پارٹی کو بتادینا چاہتے ہیں کہ وہ کھمبوں سے ہمارے پوسٹرز اور بینرز تو اتار سکتے ہیں لیکن عوام کے دلوں سے چیئرمین عمران خان اور تحریک انصاف کی محبت کو نہیں نکال سکتے۔ دادو میں جلسے کے بعد پیپلز پارٹی بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔انشاء اللہ 24مئی کو کندھ کوٹ میں پاکستا ن تحریک انصاف چیئرمین عمرا ن خان کی قیادت میں ایک اور عظیم الشان جلسہ کرنے جا رہی ہے ۔سندھ کی عوام تبدیلی کی خواہش رکھتی ہے اور انشاء اللہ آنے والے انتخابات میں تحریک انصاف وفاق سمیت سندھ سے کامیاب ہو کر حکومت بنائے گی ۔