اساتذہ کا کل لاہور سمیت پنجاب بھر میں تعلیمی بائیکاٹ‘احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان

اساتذہ کا کل لاہور سمیت پنجاب بھر میں تعلیمی بائیکاٹ‘احتجاجی ریلی نکالنے کا ...

  

لاہور( خبرنگار)صوبے بھر کے اساتذہ نے کل لاہور سمیت پنجاب بھر میں تعلیمی بائیکاٹ اور لاہور میں احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے کہ اس حوالے سے اساتذہ نے کہا ہے کہ کل 16مئی کو مسجد شہداء سے وزیر اعلیٰ کے دفتر تک تعلیم دشمن پالیسیوں کے خلاف دمادم مست قلندر ہوگا۔سیکرٹری سکولز کے تبادلہ سے مسائل حل نہیں ہوئے بلکہ معاملات زیادہ گھمبیر ہوگئے ہیں۔ تعلیمی اداروں کی نجکاری ،ہر سطح کے اساتذہ کی اپ گریڈیشن،بلا جواز سزاؤں کیخلاف اور دیگر مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔اس کا فیصلہ یونائیٹڈ ٹیچرز کونسل کی کور کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جو گذشتہ روز کنوینر طارق محمودکی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ غلام محی الدین،اللہ بخش قیصر، محمد اجمل شاد ،اللہ رکھا گجر،رشید احمد بھٹی،محمد اسلم گجر،محمد اشفاق احمد نسیم،محمد اختر،حافظ عبدالناصر اور کاشف شہزاد چوہدری نے کہا کہ تعلیمی ذمہ داران نے اساتذہ رہنماؤں سے جو وعدے کئے تھے ان کی قلعی کھل چکی ہے۔پی ایس ٹی کو سکیل14،ای ایس ٹی کو سکیل16اورایس ایس ٹی کو سکیل17سے کم کسی بات پر راضی نہیں ہو ں گے۔ تعلیمی حکام کی پالیسیوں کی بدولت داخلہ مہم شدید متاثر ہورہی ہے مگر ذمہ دار صرف اساتذہ کو ٹھہرایا جا رہا ہے ۔اس موقع پر طارق محمود نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز بھی سکول ایجوکیشن سے باہر کے افرادکو لگانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں مگر ان اسامیوں پر کسی کو قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔تعلیمی ذمہ داران نے اساتذہ مسائل کو روائتی سرخ فیتہ کی نذر کردیا ہے جس کے باعث ابھی تک نہ سکولوں کو دانش اتھارٹی سے واپسی اورنہ ہی بلاجواز سزاؤں کے خاتمہ کا نو ٹی فکیشن جاری کیا گیا ہے۔اگر مسائل تعطل کا شکار رہے تو تعطیلاتِ گرما کے دوران بھی اس تحریک کو جاری رکھیں گے۔

مزید :

صفحہ آخر -