حکمرانوں کے گھروں میں بلاتعطل بجلی کی فراہمی عوام کیساتھ زیادتی ہے:شفقت محمود

حکمرانوں کے گھروں میں بلاتعطل بجلی کی فراہمی عوام کیساتھ زیادتی ہے:شفقت ...

  

لاہور(این این آئی )پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شفقت محمودنے کہا ہے کہ حکمرانوں کی مہربانی سے لوڈشیڈنگ انتہاء کو پہنچ چکی ہے ، جھوٹے وعدے کرنے پر شہبازشریف کانام ڈرامہ شریف رکھا ہے ، حکمرانوں کے گھروں میں بلاتعطل بجلی فراہمی عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔ ان خیالات کااظہارشفقت محمودنے میاں اسلم اقبال ، حافظ فرحت عباس ، عاصم شوکت اور آصف شکورکے ہمراہ گارڈن ٹاؤن دفترمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ 11 جون کو انٹرا پارٹی الیکشن کا عمل شروع ہوجائے گا، پہلے مرحلے میں مرکز کے الیکشن ہوں گے ، مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کی بادشاہوں میں جعلی انٹرا پارٹی الیکشن ہوتے ہیں۔ ہاتھ کھڑے کروا کر عہدے دیتے اور جعلی سرٹیفکیٹ الیکشن کمیشن میں جمع کروادیتے ہیں۔ جے آئی ٹی ‘ سپریم کورٹ پر مکمل اعتماد ہے ، جے آئی ٹی کے ممبران اچھی شہرت رکھتے ہیں ، تحفظات کے باوجود جے آئی ٹی کو تسلیم کرتے ہیں، جے آئی ٹی کی پندرہ روزہ رپورٹ بھی پبلک ہونا چاہئے ،انہوں نے کہاکہ جے آئی ٹی کی انکوائری 60 روز میں مکمل ہونی چاہئے اور اس میں تاخیر ہوئی تو بداعتمادی پیدا ہوگی، جے آئی ٹی رپورٹ آنے کے بعد حالات کا جائزہ لیں گے ، دھرنے کی کی باتیں قبل ازوقت ہیں، الیکٹرول ریفارم کے لئے پی ٹی آئی نے بہت زیادہ تجاویز کمیٹی میں پیش کی ہیں ان میں کچھ پر عملدر آمدہوا اور کئی تجاویز پر ابھی عملدرآمد ہونا باقی ہے ، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے راستے میں(ن) لیگ روڑے اٹکارہی ہے ، (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی سمجھتی ہیں کہ اوورسیزپاکستانیوں کا زیادہ تعلق تحریک انصاف سے ہے ۔ سمند ر پار پاکستانیوں کوووٹ دینے کاحق ملنا چاہے ،بائیومیٹرک کے ذریعے ووٹنگ کے معاملے پر بھی تیزی آنی چاہئے۔

مزید :

صفحہ آخر -