کرپٹ اشرافیہ نے سیاست اور جمہوریت کو یرغمال بنا رکھا ہے: سراج الحق

کرپٹ اشرافیہ نے سیاست اور جمہوریت کو یرغمال بنا رکھا ہے: سراج الحق

  

گجرات( بیورو رپورٹ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے قوم سے اپیل کی ہے کہ’’ اسٹیٹس کو ‘‘کے ظالمانہ شکنجہ کو توڑنے کیلئے میرا ساتھ دیں ۔اسٹیٹس کو کے مسلط کردہ ظالمانہ نظام میں عام آدمی کیلئے کچھ نہیں ۔سیاست اور جمہوریت کو کرپٹ اشرافیہ نے یرغمال بنا رکھا ہے ۔نام نہاد جمہوریت اور فوجی آمریت میں اسی اشرافیہ کے وارے نیارے ہوتے ہیں ۔ کرپشن ختم ہوجائے اور لوٹی دولت واپس آجائے تو عوام کو تعلیم‘ صحت اورچھت کی سہولتیں مفت دی جاسکتی ہیں ۔سپریم کورٹ نے لٹیروں کا احتساب نہ کیا تو عوام چوکوں اور چوراہوں میں ڈاکوؤں کے اس ٹولے کا احتساب کریں گے ۔ڈان لیکس جیسے قومی سلامتی کے مسئلے میں اصل مجرموں کو بچانے کیلئے چند معصوم لوگوں کو قربانی کا بکرا بنایا گیا مگر حکمران یاد رکھیں یہ معاملہ چھپا نہیں رہے گا اور حکمرانوں کوآج نہیں تو کل قوم کو اصل حقائق بتانا پڑیں گے۔حکمرانوں کے دروازے عوام کیلئے بند اور مودی اور جندال کیلئے کھلے ہیں ۔کشمیری ماؤں بہنوں اور بچوں کے قاتل اعظم کو ہمارے وزیر اعظم رائیونڈ میں بلا کر آموں اور ساڑھیوں کے تحفے پیش کرتے ہیں ۔جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مقصد ملک سے کرپشن کا خاتمہ اور قرآن کے نظام کا نفاذ ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیل چوک گجرات میں بڑے عوامی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جلسہ سے امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد ،گجرات کے ضلعی امیر ڈاکٹر طارق سلیم اور جے آئی یوتھ پاکستان کے صدر زبیر احمد گوندل نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان محمد اصغر اور سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم بھی موجود تھے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ سپریم کورٹ سے ہم نے استدعا کی تھی کہ قومی دولت لوٹنے والے موجودہ اور سابقہ حکمرانوں کا احتساب کیا جائے تاکہ ملک سے کرپشن ختم ہو،موجودہ اور سابقہ حکمرانوں کا احتساب ہوجائے اور ان کیلئے اقتدار کے ایوان نہیں کوٹ لکھپت اور اڈیالہ جیل ہے ۔ سپریم کورٹ ایسا نظام بنائے جس میں کوئی احتساب سے بالا تر نہ ہو اور ایسا روڈ میپ دیا جائے جس میں کسی کو قوم کا ایک پیسہ لوٹنے کی بھی جراٗت نہ ہو ۔ جب تک عام آدمی اسمبلیوں میں نہیں پہنچتا ظلم و جبر کا یہ نظام ختم نہیں ہوسکتا۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ قائد اعظم نے جس اسلامی پاکستان کی بنیاد رکھی تھی آج حکمران اس بنیاد کو کھوکھلا کررہے ہیں اور کلمہ کی بنیاد پر بننے والے پاکستان میں سیکولر ازم اور لبرل ازم کے نعرے لگا رہے ہیں ۔ پاکستان اپنے نظریہ پر قائم رہے گا ،قائد اعظم نے قران کو پاکستان کا دستور قرار دیاتھا اور وہ وقت دور نہیں جب ملک میں نظام مصطفی کا نفاذ اور غریب کا راج ہوگا۔

مزید :

صفحہ آخر -