بھارت کا ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری کا اعتراف، پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 2شہری ہلاک، 5فوجیوں سمیت 9افراد زخمی ہونے کا بھی الزام

بھارت کا ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری کا اعتراف، پاک فوج کی ...

  

سرینگر(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) بھارت نے الزام عائد کیا ہے کہ کنٹرول لائن پر پاک فوج کی فائرنگ سے اس کے 2شہری ہلاک اور5فوجیوں سمیت9افراد زخمی ہوئے ہیں ،بڑی تعداد میں لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے جبکہ حد متارکہ کے نزدیک تمام تعلیمی ادارے غیر معینہ مدت تک کیلئے بند کردیئے گئے ہیں ۔ وادی میں بھارت کے دفاعی ترجمان کرنل راجیش کالیا کی طرف سے جاری بیان میں اس بات کا اعتراف کیا گیا ہے کہ گزشتہ روز کنٹرول لائن پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کا پاک فوج کی طرف سے منہ توڑ جواب دیا گیااور پاکستان کی طرف سے 120ایم ایم مارٹر شل داغے گئے جن میں سے کچھ شہری آبادی پر گرے،اس دوران نوشہرہ کے سریہ ، کھمبا، بھوانی ، کلسیاں،مہانپور، ڈھانکہ ،گانیا اور کھوڑی کو نشانہ بنایاگیا۔مرنیوالوں کی شناخت بتاتے ہوئے بھارتی فوجی افسر کا کہنا تھاان میں طفیل حسین ولد عبدالستار عمر 51سال اور آسیہ بی دختر محمد اسلم عمر13سال شامل ہیں جبکہ زخمی ہونیوالوں میں زیتون بیگم زوجہ طفیل حسین کو تشو یشنا ک حالت کے باعث گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کردیاگیاہے ۔دیگرزخمیوں میں ریکھا دیوی زوجہ ستنام کمار ، سونیا کوثر زو جہ محمد بشیر اور نسرین زوجہ محمد بشیر شامل ہیں ۔ فائرنگ سے زخمی ہونیوالے 5 بھارتی فوجی کیری سیکٹر میں تعینات تھے ،جو آرمی ہسپتال راجوری میں زیر علاج ہیں ۔راجوری کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے کہا ہے کہ سرحدی دیہی حلقوں کے قریب 200 افر ا د کیمپوں میں چلے گئے ہیں جبکہ دیگر کی منتقلی کاکام جاری ہے ۔پولیس نے بتایا کہ تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور چھٹی پر گئے ملازمین کو واپس بلا لیا گیا ہے ۔ ضلع انتظامیہ کا کہنا ہے فائرنگ و گولہ باری سے قلعہ درہال اور نوشہرہ تحاصیل میں26جبکہ منجا کوٹ میں 9دیہات متاثر ہوئے ہیں۔ لائن آف کنٹرول کے نزدیک 5کلو میٹر کے احاطے میں تمام سکول بند کردیئے گئے ہیں ، نوشہرہ علاقے میں 51سکول بند کر دیئے گئے ہیں۔گولہ باری سے ایک سکول کو بھی نقصان ہوا ۔ادھر کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے راجوری ضلع کے نوشہر ہ سیکٹر کے جھانجر علاقے میں سرحد پار کی شلنگ سے2شہریوں کی ہلاکت اور کئی دیگر کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -