ایک خطہ ایک سڑک کا نظر یہ انتہائی اہمیت کا حامل ،فلیگ شپ منصوبہ پورے خطے کیلئے مفید ہو گا:سرتاج عزیز

ایک خطہ ایک سڑک کا نظر یہ انتہائی اہمیت کا حامل ،فلیگ شپ منصوبہ پورے خطے ...

  

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ’’ ایک خطہ ایک سڑک ‘‘ کا نظریہ عصر حاضر کی تاریخ کا انتہائی اہمیت کے حامل اقدام میں تبدیل ہو چکا ہے جو دنیا کے عوام کے مابین مشترکہ امیدوں ، خوشحالی اور فائدہ مند تعاون کا عکاس ہے، فلیگ شپ منصوبہ نہ صرف قومی سطح پر فائدہ دے گا بلکہ پورے خطے کیلئے مفید ہوگا۔اتوار کو بیجنگ میں تھنک ٹینکس کے روابط کے حوالے سے موضوعاتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی منسلکی میں سڑکوں، ریلوے، سمندری، بندرگاہوں کے روابط اور پالیسی، تجارت اور مالیات کی منسلکی شامل ہے۔ تہذیبوں کے اعتبار سے ایک خطہ ایک سڑک کا اقدام سوچوں، افکار اور ثقافتوں کا احاطہ کرتا ہے اور تھنک ٹیکنس اس کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔ تھنک ٹینکس کا مباحثہ ایک خطہ ایک روڈ میں شامل ممالک کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان اس اقدام اور جذبے کو سراہتا ہے۔ مشترکہ شراکت داری اور رضاکارانہ تعاون اس منصوبے کے بنیادی اصولوں میں شامل ہے۔ چین نے درکار تعاون کا طریقہ کار وضع کیا اور اسے حقیقت کا روپ دھارنے کیلئے اپنے ٹیکنالوجی اور وسائل کو بروئے کار لایا۔ سی پیک کے ذریعے پاکستان پہلے فلیگ شپ بیلٹ انٹر روڈ انیشیٹو کا حصہ بننے کا استحقاق حاصل کر چکا ہے، سرتاج عزیز نے کہا کہ متعدد خصوصی اقتصادی زونز کا قیام سی پیک کا اہم حصہ ہے۔ چین کی حکومت، ریاستی ملکی کاروباری اور مالیاتی ادارے سی پیک کے منصوبوں کیلئے فنڈز، ٹیکنالوجی اور تعاون فراہم کر رہے ہیں۔ پاکستان بھر میں گیس اور تیل کے ٹرمینل کو توانائی کی ترسیل کی جائے گی جس کیلئے مغربی چین سے تیل اور گیس کی ترسیل کی لائنیں بچھائی جارہی ہیں۔ یہ فلیگ شپ منصوبہ نہ صرف قومی سطح پر فائدہ دے گا بلکہ پورے خطے کیلئے مفید ہوگا۔ ماہرین تعلیم، سکالرز، پیشہ ور اور تجربہ کار افراد اور تھنک ٹیکنس آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کریں۔ افکار رابطوں سے معلومات، باہمی سیکھنے کا عمل، مشترکہ تحقیق کو بھی ایک خطہ ایک سڑک سے منسلک ممالک میں فروغ ملے گا۔پاکستانی تھنک ٹیکنس پہلے ہی اپنے ہم منصب چین کے ساتھ گہرے روابط قائم کر چکا ہے اور یہ روابط باہمی مفاہمت اور ایک خطہ ایک سڑک کے وژن کو سمجھنے اور دونوں ممالک کے عوام کے مابین روابط کے فروغ کیلئے اہمیت کے حامل ہیں۔ ایک خطہ ایک سڑک سے منسلک ہونے والے ممالک کے تھنک ٹیکنس کو بھی چاہئے کہ وہ ان تجربات سے استفادہ کرنے کیلئے مل کر کام کیلئے آگے بڑھیں۔ ابتداء میں قدیم شاہراہ رستم کی بحالی کی گئی۔ ایشیا کے عوام کا یہ دیرینہ خواب تھا، چینی صدر کے وژن نے اس خواب کو تعبیر دی۔ دوسرے نمبر پر ایک خطہ ایک سڑک اس وقت آیا جب عالمی سطح پر بڑی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔ اس موڑ پر علاقائی سیاست کے منفی تاثرات ، عالمگیریت مخالف جذبات کو زائل کرنے اور حفاظتی اقدامات کیلئے اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے چین کی حکومت، قیادت اور چین کے عوام کو مبارکباد پیش کی جن کی کوششیں رنگ لارہی ہیں اور ایسے بڑے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جارہا ہے۔

سرتاج عزیز

مزید :

علاقائی -