صوبائی حکومت نے ریکارڈ ترقیاتی کام مکمل کئے‘ مراد سعید

صوبائی حکومت نے ریکارڈ ترقیاتی کام مکمل کئے‘ مراد سعید

  

پشاور (سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری و ممبر قومی اسمبلی مراد سعید اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک محب اللہ خان نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے نے ریکارڈ ترقیاتی کام کرنے کے ساتھ ساتھ بلدیاتی نمائندوں کو اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز دے کر انہیں با اختیار بنا دیا ہے،عوام تبدیلی کیلئے تحریک انصاف کے چئیر مین عمران خان کا بھر پور ساتھ دیں تاکہ ملک کے چوروں اور لٹیروں سے ملک کی لوٹی ہوئی رقم واپس خزانے میں جمع کرکے لٹیروں کو سزا اور ملک کو ترقی کی جانب گامزن کر سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات کانجو گلونو شاہ میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے پی ٹی آئی ملاکنڈ ڈویژن کے سینئر نائب صدر فضل مولا ، سوات کے سینئر نائب صدر سعید خان ، عبد القدیر خان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں پی ٹی آئی کے ضلعی و مقامی عہدیداران بھی شریک تھے۔اس مو قع پر ممتاز سماجی شخصیت حاجی فضل رحیم اور شعیب نے 120خاندانوں پر مشتمل سینکڑوں افراد سمیت دیگر پارٹیوں سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔مراد سعید اور محب اللہ خان نے نئے شامل ہونے والوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا اور انہیں بتایا کہ ان کا یہ فیصلہ علاقے کے مفاد میں ہے اور ان کو یقین دلایا کہ انہیں عزت و احترام کی نظر سے دیکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اب کاغذی شیروں اور لاٹین کا دور گزر چکا ہے اب عوام میں سیاسی شعور بیدار ہو چکا ہے اور وہ کسی کے بہکاوے میں آنے کی بجائے اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا شعور رکھتے ہیں اسلئے اب وہ کسی کے فریب یا دھوکے میں نہیں آئیں گے بلکہ سیاست دانوں میں اپنے لئے کارکردگی کی بنیاد پر بہتر اور دردمند دل رکھنے والوں کو ہی اپنے ووٹ سے کامیا ب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اپنی عوام دوست پالسیوں اور بہتر طرز حکمرانی کی وجہ سے پی ٹی آئی پورے ملک کی نمائندہ پارٹی بن چکی ہے اور اب انشاء اللہ آئندہ انتخابات میں ملکی سطح پر بھر پور کامیابی حاصل کریں گے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -