اقوام متحدہ کی قراردادوں کے باوجود امریکی سفارت خانے کی منتقلی پاکستان کا اظہار تشویش
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان نے عالمی ادارے کی قراردادوں کے باوجود امریکی سفارت خانے کی فلسطین منتقلی پر اظہار تشویش کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکی اقدام عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، امریکا نے قراردادوں کے باوجود سفارت خانہ منتقل کیا۔ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم فلسطینی عوام کے ساتھ پہلے ہی اظہار یک جہتی کرچکی ہے، پاکستان خود مختار فلسطینی ریاست کے موقف کا اعادہ کرتا ہے۔
خیال رہے کہ آج امریکا نے بیت المقدس میں اپنے سفارت خانے کا افتتاح کردیا تھاجس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا نے بھی شرکت کی۔
دوسری جانب سفارت خانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کے خلاف فلسطینیوں کی احتجاجی ریلی پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 52 فلسطینی شہید جبکہ 2000سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔