پنجاب بھر کے پرائیویٹ بریڈنگ فارمز کی درجہ بندی کی جائیگی

پنجاب بھر کے پرائیویٹ بریڈنگ فارمز کی درجہ بندی کی جائیگی

لاہور(اے پی پی ) ڈائریکٹر جنرل وائلڈلائف اینڈ پارکس پنجاب خالد عیاض خان نے کہا ہے کہ صوبہ بھر کے پرائیویٹ بریڈنگ فارمز کی درجہ بندی کااصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے اور اس ضمن میں تمام ضلعی و ریجنل افسران کو اپنے متعلقہ علاقوں میں موجود فارمز کا ذاتی طور پردورہ کرنے اور وہاں موجود جانوروں کی تعداد، اقسام اور ان کیلئے مختص کی گئی اراضی کی تفصیلات رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے، انہوں نے یہ بات گذشتہ روز بیدیاں روڈ پر بریڈنگ فارمز کے دورہ کے دوران کہی، انہوں نے کہا کہ تمام فیلڈ افسران کی طرف سے بریڈنگ فارمز بارے حاصل ہونے والی رپورٹس کا تفصیلی جائزہ لیکر ان کی اے، بی اور سی کی سطح پر درجہ بندی کر دی جائیگی، تمام بریڈنگ فارمزدرجہ بندی کے مطابق جانور اور پرندے رکھنے کے مجاز ہوں گے اور انہیں افزائش کردہ اور فروخت کردہ جانوروں کی تفصیلات ہر تین ماہ بعد اپنے متعلقہ وائلڈ لائف افسر کے دفتر جمع کروانی ہوں گی

، خالد عیاض خان نے کہا کہ پرائیویٹ بریڈنگ فارمز کی درجہ بندی سے ان میں مقابلے کا رجحان پیدا ہو گا جس سے جنگلی حیات کے تحفظ و افزائش میں بہتری آئیگی، انہوں نے کہا کہ بریڈنگ فارم مالکان جانوروں کیلئے مختص رقبہ اور تعداد میں اضافہ کر کے محکمہ کے افسران سے انسپکشن کروا کر بریڈنگ فارم کی درجہ بندی کو تبدیل کروا سکیں گے، انہوں نے کہا کہ بریڈنگ فارمز کی درجہ بندی سے یہاں موجود جانوروں کے درست اعداد و شمار کا حصول ممکن ہوگا ، اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف ہیڈ کوارٹرز محمد نعیم بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف سفاری زو چوہدری شفقت علی، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف لاہور ریجن سید ظفرالحسن، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف پبلسٹی عامر مسعود، ڈائریکٹر لاہور چڑیا گھر حسن علی سکھیرا ،پراجیکٹ ڈائریکٹر گرین پاکستان پروگرام میاں حفیظ احمداور اعزازی گیم وارڈن پنجاب شاہ رخ بٹ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

مزید : کامرس

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...