پاکستان فرنیچر کونسل میکسیکن انٹرنیشنل فرنیچر نمائش میں مصنوعات کا سٹال لگائے گی

پاکستان فرنیچر کونسل میکسیکن انٹرنیشنل فرنیچر نمائش میں مصنوعات کا سٹال ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( کامرس رپورٹر) پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) 23 مئی سے منعقد ہونے والی میکسیکن انٹرنیشنل فرنیچر نمائش میں پاکستانی ورلڈ کلاس روایتی فرنیچر مصنوعات کی نمائش کرے گی۔ یہ فیصلہ چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق کی زیر صدارت پیر کو منعقدہ پی ایف سی کے ڈائریکٹرز کے اجلاس میں کیا گیا، اجلاس کے دوران لاطینی امریکی ملاک کے ساتھ فرنیچر کی تجارت بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پاکستان کیلئے میکسیکو، ارجنٹینا اور برازیل سمیت امریکہ میں تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے مواقع تلاش کرنا انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ میکسیکو میں پاکستان کے ہاتھ سے تیار فرنیچر کے لئے بڑی گنجائش موجود ہے کیونکہ یہ 120 ملین افراد کی ایک بڑی مارکیٹ ہے جس میں 25 ، 26 کے عمر کے نوجوانوں کی تعداد زیادہ ہے جو آئندہ چند سال میں فرنیچر کے بڑے خریدار کے طور پر سامنے آئیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرنیچر کے برآمدکنندگان کو میکسیکن مارکیٹ میں چینی فرنیچر کی صورت میں سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ چینی فرنیچر مصنوعات ہمارے مقابلے میں سستی ہیں لیکن ہم برصغیر کے روایتی فرنیچر کے ساتھ اس کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ میکسیکو اور پاکستان کے مابین تجارت اور برآمدات کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں اور دونوں ملکوں کے کاروباری اداروں کو اہمی تعاون کے تمام شعبوں خاص طور پر فرنیچر سیکٹر کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ میکسیکن تاجر پاکستان میں کاروباری طریقہ کار کے بارے میں جاننے اور نئے کاروباری اداروں اور فرنیچر سیکٹر سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تقریبا 200 ملین ڈالر کی پاک میکسیکو تجارت دو طرفہ تجارت کے حقیقی پوٹینشل کی عکاسی نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تجارت بہت کم ہے کیونکہ پاکستان میکسیکو کو روایتی سامان مثلا ٹیکسٹائل، گارمنٹس، چاول، جراحی کا سامان، کھیلوں کا سامان برآمد کرتا ہے جبکہ میکسیکو سے سٹیل کی مصنوعات، لکڑی کا گودا اور زرعی مصنوعات درآمد کرتا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ دونوں ملک غیر روایتی اشیاء خاص طور پر فرنیچر مصنوعات پر توجہ مرکوز کرکے دو طرفہ تجارت کو متنوع بنانے کی کوششیں کریں۔


انہوں نے دو طرفہ سرمایہ کاری معاہدے اور آزادانہ تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) سمیت مختلف اقدامات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط تجارتی تعلقات دونوں ملکوں کو بہتر علاقائی رسائی فراہم کرسکتے ہیں کیونکہ پاکستان وسط ایشیا کے لئے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے اور میکسیکو پاکستان کو شمالی و لاطینی امریکہ کیلئے بہتر رسائی کی سہولت فراہم کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ بہت سے ممالک نے پاکستانی فرنیچر میں دلچسپی ظاہر کی ہے، وہ کلاسک اور ہاتھ سے تیار کردہ پاکستانی فرنیچر ڈیزائن پسند کرتے ہیں اور شمالی امریکہ کی فرنیچر مارکیٹوں میں یہ ڈیزائن اپنی جگہ بنا سکتے ہیں۔

مزید :

کامرس -