نواز شریف کے بیان کے خلاف انصافسٹوڈنٹس فیڈریشن کا مظاہرہ

نواز شریف کے بیان کے خلاف انصافسٹوڈنٹس فیڈریشن کا مظاہرہ

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)نواز شریف کے ممبئی حملوں میں پاکستان کے ملوث ہونے کے بیان کے خلاف انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن لاہور کے کارکنان نے لبرٹی چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت صدر آئی ایس ایف پنجاب گلریز اقبال اور صدر آئی ایس ایف لاہور محسن چوہدری نے کی صدر آئی ایس ایف پنجاب گلریز اقبال کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا یہ ملک دشمنی میں بیان پہلا نہیں ہے۔ نواز شریف اس سے پہلے بھی ڈان لیکس سمیت دیگر اہم امور میں ریاستی اداروں کی پیٹھ میں چھرا گھونپ چکے ہیں۔ میں پر امن احتجاج میں حکومت اور تمام اداروں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ نواز شریف کو گرفتار کر کے اس کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ صدر آئی ایس ایف لاہور محسن چوہدری کا مظاہرین سے خطاب کر تے ہوئے کہنا تھا کہ ۔ نواز شریف کے ہوتے ہوئے پاکستان کو کسی اور دشمن کی ضرورت نہیں۔

حکومت کو چاہئے کہ نواز شریف کو فوری گرفتار کرے اس موقعہ پر مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے ۔ جن پر نوازشریف کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ نواز شریف کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کاروائی کی جائے۔ مظاہرے میں سینئر نائب صدر رانا اظہر نواز ،جنرل سیکرٹری پنجاب سعد جمیل ، سینئر نائب صدر لاہور عفان مقصود ، جنرل سیکرٹری لاہور امیس ارشا د، سیکرٹری اطلاعات اور ترجمان آئی ایس ایف لاہور خرم مراد سمیت لاہور کی دیگر یونیورسٹیوں سے کثیر تعداد میں طلبہ نے شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 4