کیون اوبرائن کی تاریخی سنچری ، آئر لینڈ کی برتری 139رنز ، 3وکٹ باقی

کیون اوبرائن کی تاریخی سنچری ، آئر لینڈ کی برتری 139رنز ، 3وکٹ باقی

ڈبلن(نیٹ نیوز)کیون اوبرائن اور تھامسن کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت آئرلینڈ نے پاکستان کے خلاف تاریخی ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 319 رنز بنالیے اور اسے پاکستان پر 139 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا کیون اوبرائن 118 اور ٹائیرون کین 8 رنز بناکر وکٹ پر موجود تھے۔پاکستانی بولرز نے پہلی اننگز میں آئرلینڈ جو جلدآؤٹ کرنے کے بعد حاصل ہونے والا فائدہ گنوا دیا اور چوتھے دن کھیل ختم ہونے سے قبل آئرلینڈ کوآل آؤٹ نہ کرسکے۔میزبان ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 64 رنز سے کھیل کے چوتھے روز کا آغاز کیا تو ایڈ جوائس 39 اور پورٹر فیلڈ 23 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔آئرش ٹیم مجموعی سکور میں 5 رنز کا اضافہ ہی کرسکی تھی کہ 69 کے مجموعے پر ایڈ جوائس رن آؤٹ ہوگئے اور وہ 43 رنز بناسکے جب کہ نئے آنے والے بلے باز اینڈی بالبرنی بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔وکٹ کیپر بلے باز نیل اوبرین بھی 18 رنز بناسکے جو 94 کے مجموعی اسکور پر محمد عامر کی گیند پر بولڈ ہونے کے بعد پویلین لوٹے۔ پاکستان بولنگ کے خلاف مزاحمت کرنے والے آئرش کپتان ولیم پورٹرفیلڈ بھی 32 رنز بنا کر ہمت ہار گئے ۔قومی ٹیم کی جانب سے محمد عامر نے 3 ،محمد عباس نے 2 اور شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔یاد رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 310 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی تھی جس کے جواب میں آئرلینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 130 رنز بناسکی۔

پہلی اننگز میں پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔شاداب خان نے بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی اچھی کارکردگی دکھائی اور تین وکٹیں لے اڑے جب کہ محمد عامر کے حصے میں دو اور فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی