عمر خراسانی کودہشتگردوں کی فہرست میں شامل کرانے کیلئے اقوام متحدہ سے پھر رجوع کرینگے : خرم دستگیر
اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر نے ایوان بالا کو بتایاہے کہ کالعدم تنظیم کے سربراہ عمر خالد خراسانی کو دہشتگردوں کی فہرست میں شامل کروانے کیلئے اقوام متحدہ سے دوبارہ رجوع کیا جائے گا۔ متعلقہ کمیٹی نے دوہرا معیار اختیار کررکھا ہے اس امر کا اظہار انہوں نے سینیٹ میں بیان دیتے ہوئے کیا ۔ یہ معاملہ گزشتہ دنوں سینیٹ میں اٹھا تھا اور اور چیئرمین سینیٹ نے وزیر دفاع کو بیان کیلئے ایوان میں بلوایا تھا ۔ وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان میں عمرخالد خراسانی دہشتگردوں کی فہرست میں شامل کرانے کی اقوام متحدہ سے درخواست کی تھی کیونکہ اس شخص کے ہاتھ سینکڑوں لوگوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں ۔ متعلقہ کمیٹی نے پاکستان کی اس تجویز کا جائزہ لیا مگر پاکستان کی اس تجویز کو مسترد کردیاگیا عالمی ادارے نے دوہرا معیار جاری کررکھا ہے جو بھی صورتحال ہوگی ایوان بالا کو باخبر رکھا جائے گا۔ فی الوقت اس معاملے پر ان کیمرہ اجلاس کی ضرورت نہیں ہے ۔ سینیٹ میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کو اجلاس کی صدارت کرنے پر مبارکباد دی۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں قائم مقام چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے پہلی بار ایوان بالا کے اجلاس کی صدارت کی۔ سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم، سینیٹر جاوید عباسی اور دیگر ارکان نے انہیں اجلاس کی صدارت پر مبارکباد دی قائم مقام چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم ایچ مانڈوی والا نے ارکان کی طرف سے پیش کئے جانے والے پانچ نجی بلوں کو متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کر دیا۔ سینیٹر محمد علی سیف نے دستور (ترمیمی) بل 2018ء پیش کیا۔ سینیٹر اعظم سواتی نے چار بل پیش کئے جن میں اسلام آباد ادارہ برائے خالص خوراک بل 2018ء، تھیلیسیمیا کے مریضوں کے رشتہ داروں کے خون کا لازمی ٹیسٹ بل 2018ء، فوجداری قوانین (ترمیمی) بل 2018ء، (تعزیرات پاکستان کی دفعہ 489 اور ضابطہ فوجداری کے شیڈول II کی تبدیلی) اور پاکستان کوریئر اینڈ لاجسٹکس اتھارٹی بل 2018ء شامل ہیں۔ چیئرمین نے چاروں بل متعلقہ کمیٹیوں کو بھجوا دیئے۔ ایوان بالا نے صنعتی تعلقات ایکٹ 2012ء میں مزید ترمیم کا بل صنعتی تعلقات (ترمیمی) بل 2017ء کی منظوری دے دی۔ حکومت نے بل کی مخالفت نہیں کی۔ چیئرمین نے بل کی شق وار منظوری حاصل کرنے کے بعد حتمی منظوری کے لئے بل ایوان میں پیش کیا۔
ایوان بالا نے اتفاق رائے سے بل کی منظوری دے دی۔نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگوئجز کے طلباء نے ایوان بالا کی کارروائی کا مشاہدہ کیا۔