عوامی تحریک کا نواز شریف کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کرانے کیلئے ہائیکورٹ رجوع

عوامی تحریک کا نواز شریف کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کرانے کیلئے ہائیکورٹ رجوع

لاہور(نامہ نگارخصوصی )پاکستان عوامی تحریک نے سابق وزیراعظم میاں محمدنواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کروانے کے لئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے ،پاکستان زندہ باد پارٹی نے بھی سابق وزیراعظم میاں محمدنواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کروانے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ہے ۔پاکستان عوامی تحریک کے راہنما خرم نواز گنڈا پور نے اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی ہے جس میں نواز شریف کے ممبئی حملے کے حالیہ بیان کو بنیاد بنایا گیاہے ۔جسٹس شمس محمود مرزا آج 15مئی کواس درخواست پرسماعت کریں گے۔اس درخواست میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف نے پاکستان اور قومی سلامتی اداروں کو بدنام کیا ہے ،نواز شریف کا ممبئی حملوں سے متعلق بیان ملک سے غداری کے مترادف ہے ،سابق وزیراعظم پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ نواز شریف نے بیان سے پاکستان کو پوری دنیا میں بدنام کرنے کی کوشش کی ہے ،عوامی تحریک کے راہنما نے استدعا کی کہ عدالت نواز شریف کے خلاف غداری کے آرٹیکل 6کے تحت کاروائی کا حکم جاری کرے۔دوسری درخواست میں بھی یہی موقف اختیار کرتے ہوئے میاں محمد نوازشریف کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6کے تحت کارروائی کی استدعا کی گئی ہے ۔

مزید : علاقائی