عمران نیازی جھوٹوں کا آئی جی ، زرداری نے ہاریوں کو کنگلا کر دیا : شہباز شریف

عمران نیازی جھوٹوں کا آئی جی ، زرداری نے ہاریوں کو کنگلا کر دیا : شہباز شریف

خانیوال (نمائندہ پاکستان ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے خانیوال۔لودھراں دو رویہ سڑک اور انٹرچینج کا افتتاح کیا۔ 92 کلومیٹر طویل دو رویہ سڑک ریکارڈ مدت میں مکمل کی جا رہی ہے۔ خانیوال۔لودھراں روڈ پر چوک میتلا میں ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانے کیلئے فلائی اوور بھی تعمیر کیا گیا ہے اور اس دو رویہ سڑک کی تعمیر سے نہ صرف مقامی بلکہ کراچی سے پشاور تک مسافروں کو سہولت حاصل ہوگی۔وزیراعلی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ خانیوال۔لودھراں دو رویہ سڑک کی تعمیر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی طرف سے علاقے کے عوام کیلئے ایک تحفہ ہے اورپاکستان مسلم لیگ (ن) الیکشن جیت کر مزید ترقیاتی منصوبے لائے گی۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال خانیوال میں نیو او پی ڈی بلاک، ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک، توسیعی منصوبے اور سی ٹی سکین پراجیکٹ کا افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال خانیوال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور وارڈز میں داخل مریضوں کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کی دعابھی کی۔وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے مختلف وارڈز آئی سی یو اور آپریشن تھیٹرز وغیرہ کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ نے ضلعی ہسپتال خانیوال میں مریضوں اور ان کے لواحقین سے گفتگو کی اور ہسپتال میں سہولتوں اور عملے سے متعلق دریافت کیا۔وزیراعلی محمد شہبازشریف نے خانیوال میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے بعد ریلوے گراؤنڈ میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گزشتہ دس سالوں میں ضلع خانیوال میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں ۔ اگر دوبارہ موقع ملا تو خانیوال کو منی لاہور بنا دیں گے ۔ وزیر اعلی نے اعلان کیا کہ اگر عوام نے ہمیں اپنے ووٹوں سے نوازا تو خانیوال میں میڈیکل کالج، ٹیکنیکل کالج ، نیا ہسپتال اور نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان ، ہیلتھ سائنسز یونیورسٹی اور بہاؤالدین زکریا کے کیمپسز بنائے جائیں گے ۔ وزیر اعلی خانیوال کے لئے 20 سپیڈو بسیں فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دس بسیں خانیوال اور دس بسیں جہانیاں کیلئے ہوں گی۔وزیر اعلی نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے محمد نواز شریف کی قیادت میں جنوبی وسطی اور شمالی پنجاب کی ترقی کے لئے دن رات کام کیا ہے اور پنجاب کو پاکستان کا ترقی یافتہ صوبہ بنایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 22 ارب روپے کی لاگت سے خانیوال لودھراں 92 کلومیٹر سڑک کا افتتاح کر دیا ہے جس پر میں یہاں کے عوام کو مبارکباد دیتا ہوں ۔ پچھلے سال اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تھا اور آج اس کا افتتاح کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خانیوال میں ضلعی ہسپتال کی تعمیر نو بھی کی گئی ہے اور اب یہ بہترین ہسپتال بن چکا ہے جس کا موازانہ لاہور اور کراچی کے کسی بھی پرائیویٹ ہسپتال سے کیا جا سکتا ہے ۔ اس ہسپتال میں دل کے امراض، ایمرجنسی اور دیگر شاندار وارڈز بنائے گئے ہیں ۔ یہاں سی ٹی سکین مشین بھی نصب کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کل میں سندھ کے علاقے سندھڑی گیا تو وہاں کے لوگوں کی حالت زار دیکھ کر دکھ ہوا ۔ میں نے وہاں عوام سے کہا کہ سندھ کے ہاریوں کو زرداری نے کنگلا کر دیا ہے ۔ اس نے اپنی جیب تو بھری ہے لیکن عوام کی فلاح پر کچھ خرچ نہیں کیا۔ میں نے سندھ کے عوام سے وعدہ کیا ہے کہ اگر ہمیں ووٹ دیا تو سندھ کو پنجاب اور کراچی کو لاہور بنادیں گے ۔ زرداری اور نیازی نے اپنے صوبوں کو برباد کیا ۔ دونوں جھوٹ بول رہے اور الزامات لگا رہے ہیں ۔ عمران نیازی نے مجھ پر پانامہ کیس میں دس ارب روپے کی پیشکش کا الزام لگایا ۔ جاوید صادق سے 27 ارب روپے اور ملتان میٹروبس میں چینی کمپنی کے ساتھ ملکر اربوں روپے کھانے کا بھی الزام لگایا۔ میں عدالت جاتا ہوں تو نیازی صاحب وہاں بھی نہیں آتے۔ عوام ایسے جھوٹے کو کبھی ووٹ نہیں دیں گے ۔ وہ پورے پاکستان سے لوگوں کو کرائے کی گاڑیوں میں ڈال کر لاہور لائے جس پر میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کیونکہ وہ لوگ لاہور کی ترقی دیکھ کر اب مسلم لیگ (ن) کو ہی ووٹ دیں گے ۔ وزیر اعلی نے کہا کہ خانیوال میں برٹش کاٹن جینرز ایسوسی ایشن کی زمین کے حوالے سے جو جھگڑا تھا وہ اب ختم ہو گیا ہے ۔ اب یہاں مختلف یونیورسٹیوں کے کیمپسز بنائے جائیں گے اور جہانیاں میں نیا انڈر پاس بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عبدالحکیم کو تحصیل کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے لیکن ابھی الیکشن کمیشن کی پابندی ہے اگر انتخابات میں کامیابی ملی تو اسے تحصیل کا درجہ دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر خانیوال لاہور کی طرح ترقی کرتا ہے تو ہمیں خوشی ہو گی۔ اگر کامیابی ملی تو فوری طور پر خانیوال کی ترقی کیلئے اقدامات کریں گے ۔

شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں رواں مالی سال 2017-18 کے ضمنی بجٹ اور نظرثانی شدہ تخمینہ جات کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں نظرثانی شدہ سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے مالی سال 2017-18 کی بھی منظوری دی گئی جبکہ پنجاب کابینہ کے 31 ویں اجلاس کے منٹس کی توثیق کی گئی اور کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے خزانہ و ترقیات کے 55 ویں اجلاس کے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔ اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی رجب علی بلوچ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور رجب علی بلوچ کے انتقال پر سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ رجب علی بلوچ مرحوم پارٹی کا اثاثہ تھے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت رواں مالی سال برائے 2017-18 کا ضمنی بجٹ پیش کر رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے جسے بھی نئی حکومت بنانے کا موقع دیا، وہ نیا بجٹ پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہمیشہ وسائل کو امانت سمجھ کر دیانتداری کے ساتھ فلاح عامہ پر صرف کیا ہے اور ہم نے ہمیشہ عام آدمی کی فلاح و بہبود کو مقدم جانا ہے۔ پنجاب حکومت نے شفافیت کے ذریعے اربوں روپے کی حقیقی بچت کی ہے اور بچائے گئے وسائل بھی عوام کی خوشحالی پر صرف کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے جوڈیشل ای سٹیمپ پیپر کا پروگرام متعارف کرا کر ایک انقلابی اقدام اٹھایا ہے اور یہ پروگرام دورس نتائج کا حامل ہے۔ اس پروگرام کے باعث رواں مالی برس پنجاب حکومت کے وسائل میں اربوں روپے کا اضافہ ہوا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم نے عام آدمی کی فلاح وبہبود کیلئے وسائل کو مزید بڑھانا ہے۔ قومیں مانگ تانگ کر ترقی نہیں کرتیں، قوم وہی آگے بڑھتی ہے جو اپنے پاؤں پر کھڑی ہوتی ہے۔میں اپنی قوم کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتا ہوں اور آپ سب نے محنت، دیانت اور امانت کو اپنا شعار بنائے رکھنا ہے۔ خلوص نیت سے کام کریں گے تو اللہ تعالیٰ بھی ہاتھ پکڑ لے گا۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت اور تعلیم کے بجٹ میں بے مثال اضافہ کرکے ان دونوں شعبوں میں اصلاحات لائی گئی ہیں۔عوام کی خدمت ہی ہمارا مشن ہے جسے تندہی سے جاری رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ اور متعلقہ حکام کی کارکردگی کی تعریف کی اور پرائمری و سکینڈری ہیلتھ کیئر شعبے کو بہتر بنانے پر صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر، سیکرٹری صحت علی جان اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔ چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی، چیف ایگزیکٹو آفیسر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کی کارکردگی کو بھی سراہا گیا۔صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب

مزید : صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...