نواز شریف کیخلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد متفقہ منظور ، قومی اسمبلی میں تحریک التواء جمع پنجاب اسمبلی میں قراردادیں پیش
کراچی،اسلام آباد/لاہور(این این آئی،نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ(ن) کے تاحیات قائد وسابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔میاں نواز شریف کے قومی سلامتی اور ممبئی حملوں سے متعلق متنازعہ بیان پر سندھ اسمبلی نے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ قرارداد مشترکہ طور پر حکومتی و اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پیش کی گئی۔ قرارداد پر پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، مسلم لیگ فنکشنل، تحریک انصاف اور پی ایس پی ارکان نے دستخط کئے۔قرارداد میں کہا گیا کہ نواز شریف کا بیان دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنے والوں کی قربانیوں کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے، نوازشریف نے آئین پاکستان کے ساتھ حلف کی خلاف ورزی کی، نوازشریف کا غیرذمہ دارانہ بیان ملکی سلامتی خود مختاری پر کاری ضرب ہے، قرارداد میں مطالبہ کیا گیا پورا ایوان نوازشریف کے بیان کی مذمت کرتا ہے، نوازشریف اپنے بیان پر قوم سے معافی مانگیں۔پیپلزپارٹی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیان پرقومی اسمبلی میں تحریک التواء جمع کروا دی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیان پر پیپلزپارٹی نے قومی اسمبلی میں تحریک التو جمع کروا دی جس میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم کا حالیہ بیان جس میں ممبئی دھماکوں میں پاکستان کے ملوث ہونے کا عندیہ دیا گیا ہے پوری دنیا کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے ۔ایسے غیرذمہ دارانہ بیانات کی وجہ سے ہماری قومی وسلامتی اور سفارتی کاوشوں پر برا اثر پڑے گا لہٰذا اس معاملے کو فوری طور پر بحث کیلئے اسمبلی میں لایا جائے ۔تحریک التوا سید نوید قمر، شازیہ مری، نواب یوسف ٹالپور، سید غلام مصطفی شاہ وغیرہ نے جمع کروائی۔دوسری جانب پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید ،تحریک انصاف کے شعیب صدیقی اور ڈاکٹر مراد راس نے بھی میاں نوازشریف کے خلاف آرٹیکل 6کے تحت ٹرائل کیلئے قرارداددیں جمع کرادیِ، قراردادوں میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے انگریزی اخبار کو دیئے گئے انٹرویو کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ بھارت دانستہ طور پر عدم تعاون کرکے ممبئی حملہ کیس کے ٹرائل میں رکاوٹ بنا رہا، بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو اور نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم پر زبان بند رکھنے والے نواز شریف نے ہوس اقتدار میں ریاست کیخلاف بغاوت کرتے ہوئے ملکی سا لمیت پر حملے شروع کر دیئے ہیں، نوازشریف کا درآمد شدہ بیانیہ پاکستان کو عالمی دباؤ میں لانے کی مکروہ کوشش ہے، نواز شریف عالمی طاقتوں اور دشمن ملک کے آلہ کار بن کر ملک میں انتشار کی فضا پھیلا رہے ہیں، فوج اور عدلیہ سمیت تمام ریاستی ادارے قابل احترام اور ملکی تحفظ کے ضامن ہیں ان کے خلاف ہرزہ سرائی اور انہیں بدنام کرنے کی ہر کوشش کو مسترد کرتے ہیں۔ نواز شریف غداری کے مرتکب ہوئے لہٰذا یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ نوازشریف کا آرٹیکل6کے تحت ٹرائل کیا جائے اور الطاف حسین کی طرح میاں نواز شریف کی میڈیا کوریج پر بھی پابندی عائد کی جائے۔
قومی اسمبلی/پنجاب اسمبلی
سندھ اسمبلی