گلگت بلتسان میں اپنڈ کس کی بیماری وبائی صور ت اختیار کر گئی : حبیب الرحمن شگری

گلگت بلتسان میں اپنڈ کس کی بیماری وبائی صور ت اختیار کر گئی : حبیب الرحمن شگری

لاہور (محمد نصیرالحق ہاشمی) گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں بالخصوص شگروزیر پور میں اپنڈکس کی بیماری وبائی صورت اختیار کرگئی۔ سکردو ڈسٹرکٹ ہسپتال میں اپنڈکس کے سینکڑوں مریض زیر علا ج ہیں، جو گلگت بلتستان سمیت وفاقی حکومت کی جانب سے امداد کے منتظر ہیں۔ اپنڈکس کے آپریشن کیلئے کم و بیش 30 ہزار روپے درکار ہیں جبکہ درجنوں مریض رقم نہ ہونے کے باعث علاج و معالجہ سے محروم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار شگروزیر پور کے رہائشی حبیب الرحمن شگری نے روزنامہ ’’پاکستان‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حبیب الرحمن شگری کا کہنا تھا کہ اپنڈکس کے مرض میں زیادہ تر لڑکیاں مبتلا ہو رہی ہیں اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں سکردو، خپلو، کھرمنگ، شگر، روندو، خصوصاً علاقہ شگروزیر پور میں اپنڈکس کی بیماری پھیلی ہوئی ہے۔ ہر گھر سے کم از کم 2 سے 3 مریض سکردو ڈسٹرکٹ ہسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ سینکڑوں مریضوں کا آپریشن ہوچکا ہے۔ یہ بیماری عرصہ چار مہینے سے جاری ہے جو بلتستان کے مختلف علاقوں میں ہے لیکن علاقہ شگر وزیر پور زیادہ متاثر ہے۔ اپنڈکس کی بیماری میں مبتلا مریضوں کے سکردو ہسپتال میں آپریشن ہو رہے ہیں۔ ابھی تک کسی غریب مریض کا مفت تو ایک طرف آدھی رقم پر بھی آپریشن نہیں ہوا۔ مریضوں کو گورنمنٹ ہسپتال میں ایک ہفتے تک رکھا جاتا ہے۔ گورنمنٹ ہسپتال ہونے کی باوجود فی مریض 15 سے 20 ہزار روپے خرچہ آتا ہے۔ باقی پرائیویٹ ہسپتال والے فی مریض 30 ہزار روپے فکس ریٹ لگائے ہوئے ہیں۔ ابھی تک بلتستان کی حکومت نے غریب عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ غریب لوگ اپنی مدد آپ کے تحت خرچہ کر رہے ہیں۔ مریضوں میں زیادہ تر 10 سے 25 سال کی لڑکیاں شامل ہیں جبکہ لڑکوں کی بھی ایک بڑی تعداد اس مرض میں مبتلا ہے۔ حبیب الرحمن نے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان کی انتظامیہ، محکمہ ہیلتھ اور وفاقی حکومت کو ان بیماریوں کا جائزہ لینا چاہئے تھا، مگر ابھی تک کسی نے توجہ نہیں دی۔ ہسپتال والوں نے کسی مریض کو ایک گولی بھی مفت نہیں دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر اپنی جیب سے خرچہ نہیں کرسکتے۔ یہ محکمہ صحت کا کام ہے کہ سرکاری ہسپتال میں ڈاکٹر مریضوں کو دوائیاں مفت فراہم کریں۔ حبیب الرحمن نے حکومت پاکستان اور حکومت گلگت بلتستان سے اپیل کی ہے کہ وہ ان غریب مریضوں کا مفت علاج کروائیں اور علاقے میں اس بیماری کے سدباب کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔

حبیب الرحمن شگری

مزید : صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...