بارش برسانے والی ہواؤں کا ایک اور سلسلہ ملک میں داخل، محلمہ موسمیات
لاہور(کامرس رپورٹر) محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والی ہواؤں کا ایک ہلکا سلسلہ ملک میں داخل ہو ا ہے۔جس سے خیبر پختونخواہ اور پنجاب کے کئی علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں گزشتہ روز سارا دن بادل چھائے رہے جس سے گرمی کی شدت میں کمی ہوئی۔ آج خیبرپختونخوا، فاٹا، اسلام آباد، راولپنڈی ڈویژن، گلگت بلتستان اورکشمیر میں کہیں کہیں جبکہ کوئٹہ، ژوب، قلات، بنوں، ڈی آئی خان، گوجرانوالہ، لاہور سرگودھا، ملتان، ڈی جی خان، ڈی آئی خان بنوں اور ساہیوال ڈویژن میں چند مقامات پر تیزہواوں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہیگا۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ تاہم مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، سرگودھا، ژوب ڈویژن، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہوائیں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا: پاراچنار14، میرکھانی09، پٹن05، دروش03، کشمیر: گڑھی دوپٹہ06، گلگت بلتستان: بگروٹ04، بونجی03، پنجاب: بھکر03، بلوچستان: ژوب میں02ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ روز ریکارڈکیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت میں شہید بینظیر اباد ،سبی 45،چھور، تربت، حیدرآباد 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اللہ پاک کا اپنے بندوں پر پھر کرم ہے، بارشوں کے باعث گرمی کی شدت میں کمی ہو گئی جس کے باعث بجلی کی طلب میں ایک بار پھر کمی ہو گئی جس کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں کمی کر دی گئی ۔ جن علاقوں میں بارش ہوئی وہاں بجلی کی طلب میں کمی ہوئی جس کے باعث ان علاقوں کی ڈسکوز نے لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں کمی کر دی ۔ جن علاقوں میں بارش نہیں ہوئی وہاں کی ڈسکوز نے بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ برقرار رکھا ۔ گزشتہ روز شہروں میں چھ گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں آٹھ گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی گئی ۔
بارش