سول سیکرٹریٹ کے باہر ایپکا کا احتجاجی مظاہرہ، تحریک انصاف کے رہنما کی شرکت

سول سیکرٹریٹ کے باہر ایپکا کا احتجاجی مظاہرہ، تحریک انصاف کے رہنما کی شرکت

لاہور (خبر نگار،اپنے نمائندے سے) سول سیکرٹریٹ کے باہر ایپکا کا احتجاجی مظاہرہ، تحریک انصاف کے مرکزی رہنما کی شرکت، مظاہرین کے مطالبات کو جائز قرار دے دیا۔ حکومت کو 24 گھنٹوں میں مطالبات تسلیم کرنے کا الٹی میٹم ۔ مظاہرے میں پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کی جانب سے نکالے جانے والے 477 ملازمین نے بھی حصہ لیا۔ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ملازمین نے مظاہرے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ سابق ڈی جی پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے اپنی ذاتی رنجش کی بنا پر ہمیں نکالا ہے۔ اینٹی کرپشن سمیت ہر فورم پر ہم بے قصور پائے گئے ہیں۔ ہمارے ساتھ ذاتی انا کا مسئلہ بنا کر انتقام لیا گیا ہے جس کے باعث 477 سے زائد گھرانے فاقہ کشی پر مجبور ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعجاز احمد چودھری نے تمام ملازمین کے مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف اور ہماری جماعت آپ کے ساتھ کھڑی ہے، ہم حکومت کو 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہیں کہ وہ ملازمین کو بحال کریں۔ اس حوالے سے ترجمان پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ان ملازمین نے کورٹ میں اپیل دائر کی تھی جو کہ کینسل ہوچکی ہے۔ یہ میرٹ سے ہٹ کر بھرتی کئے گئے تھے، ان کے دوبارہ ٹیسٹ لئے گئے تھے، جس میں فیل ہونے کی صورت میں ان کو نکالا گیا۔

ایپکا مظاہرہ

مزید : صفحہ آخر