نواز شریف نے بھارت کی زبان بولی اور اس پر ڈٹے ہوئے ہیں، حافظ سعید

نواز شریف نے بھارت کی زبان بولی اور اس پر ڈٹے ہوئے ہیں، حافظ سعید

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارت نواز حکمرانوں کی وجہ سے کشمیر کی تحریک اپنے منطقی انجام تک نہیں پہنچ سکی۔ آزادی کشمیر میں بہت بڑی رکاوٹ خود حکمران ہیں۔ نواز شریف بھارت کی زبان بول رہے ہیں اور اپنی غلطی ماننے کی بجائے اس پر ڈٹے ہوئے ہیں۔محض ذاتی مفادات کیلئے ملکی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوششیں قوم کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔ شہداء کے خون سے بے وفائی کرتے ہوئے بھارت سے دوستی کی پینگیں بڑھائی جارہی ہیں۔بھارتی خوشنودی کی خاطر ہمیں سیاست میں آنے سے روکنے کیلئے رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں۔ہزارہ کے لوگوں نے تحریک آزادی کشمیر میں زبردست کردار اد ا کیا۔ وہ بار گراؤنڈ ایبٹ آباد میں نظریہ پاکستان کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد، حاجی لیاقت علی، سردار عمیر احمد، نصر جاوید، سردار سجاد احمد خاں،مفتی محمد قاسم، پرویز اختر، قاری ذوالفقار ، گلفام جہانگیری و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس میں مقامی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد موجود تھے۔ ا حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرنے والوں کیخلاف دہشت گردی کا پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے۔جس بنیاد پر یہ ملک بنا اسی بنیاد پر اس کی حفاظت کرنی ہے۔ جب تک طرز سیاست نہیں بدلے گا خطرات بڑھتے رہیں گے۔ ہم قریہ قریہ شہر شہر جا کر لوگوں کو نظریہ پاکستان سے آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ سابق وزیر اعظم اللہ کی پکڑ کا شکار ہیں۔ وہ اپنی غلطیوں پر اللہ سے معافی مانگنے کی بجائے مزید متنازعہ بیانات دے رہے ہیں۔ انہیں کشمیریوں پر ظلم و بربریت اور شہادتوں کا دکھ نہیں۔ آپ نے دوستی کرنی ہے تو مظلوم کشمیریوں سے کریں ۔ 2018 کا الیکشن عام الیکشن نہیں۔ یہ معاملہ ملک کی حفاظت اور اسے بچاکر خطے میں پاکستان کو قوت بنانے کاہے۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ پاکستان کو زراعت اور صنعت سے محروم کرکے بھارت کی طفیلی ریاست بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ مسلم لیگ کے نام پر سیاست کرنے والے قائد اعظم کے ویژن کو اپناتے تو آج رسوائیاں نہ ہوتیں۔ انہوں نے کہاکہ ہزارہ بڑی تاریخ کا نام ہے جنھوں نے قیام پاکستان کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہاکہ معمولی مفادات پر ووٹ بیچنے کی بجائے قومی مفادات کو سامنے رکھ کر فیصلہ کرنا ہوگا۔ ملی مسلم لیگ خیبر پختونخواہ کے صدر حاجی لیاقت علی نے کہاکہ ہم نظریہ پاکستان کی سیاست کرنے میدان میں آئے ہیں سردار عمیر احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میرا تعلق تحریک انصاف سے رہا آج اپنی ماں کی دعا سے مرد حق حافظ محمد سعید کی جماعت سے منسلک ہو گیا ہوں۔ ملی مسلم لیگ سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نصر جاوید، سردار سجاد احمد خاں،مفتی محمد قاسم، پرویز اختر، قاری ذوالفقار ، گلفام جہانگیری و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مظلوم کشمیریوں کے پشتیبان حافظ محمد سعید ، سیف اللہ خالد و دیگر رہنماؤں کو ایبٹ آباد آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

حافظ سعید

مزید : صفحہ آخر