قبائلی عمائدین نے فاٹا کیلئے دس ارب روپے کے پیکیج کی منظوری کو مسترد کر دیا

قبائلی عمائدین نے فاٹا کیلئے دس ارب روپے کے پیکیج کی منظوری کو مسترد کر دیا

جنوبی وزیرستان (این این آئی) فاٹا کے قبائلی عمائدین نے فاٹا کیلئے دس ارب روپے کے پیکج کی منظوری کومسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے پیکج کا کیا فائدہ جب فنانس ڈیپارٹمنٹ فاٹا کے دس سال سے بند ترقیاتی منصوبوں کو اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر فنڈز ریلیز کررہے ہوں،حکومت جنوبی وزیرستان کے ترقیاتی منصوبوں کو فندز ریلیز کرانے کے لئے منصوبہ بندی کرے۔ان خیالات کا اظہار پولیٹیکل کمپاؤنڈ جنوبی وزیرستان ٹانک میں جنوبی وزیرستان کے قبائلی عمائدین نے جرگہ سے خطاب اور بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے ملک انور خان ،گل بادشاہ ،نواب خان،عرفان اللہ خان اور دیگر کا کہناتھا کہ جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن راہ نجات شروع ہونے پر اکتوبر 2009ء میں قبائلی عوام نے نقل مکانی کرکے بندوبستی علاقوں ٹانک اور ڈیرہ اسمعیل خان میں پناہ لے لی تھی اور ایک عشرے تک جنوبی وزیرستان میں ترقیاتی منصوبوں پر کام بندرہا ۔متاثرین کی واپسی کے بعد جنوبی وزیرستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر سے پابندی اٹھالی گئی ۔کنٹریکٹرز نے ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کردیا تاہم گورنر سیکرٹریٹ فاٹا سے فنڈز ریلیز نہ ہونے کی وجہ سے انہوں نے ترقیاتی منصوبوں پر دوبارہ کام بند کردیا ہے۔ان کا کہناتھا کہ حکومت نے فاٹا کی ترقی کے لئے دس ارب روپے کے پیکیج کی منظوری کا اعلان کیا ہے ۔لیکن اس اعلان کا کیا فائدہ کہ جنوبی وزیرستان کے دس سال سے بند سالانہ ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرنے کے لئے فنانس ڈیپارٹمنٹ اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر فنڈز ریلیز کرتے ہیں اور ترقی کا عمل رکا ہوا ہے۔قبائلی عمائدین نے مطالبہ کیا کہ جنوبی وزیرستان کے سالانہ ترقیاتی منصوبوں اور خاص طور پرہائی وے اور بلڈنگ کے منصوبوں کو ہنگامی بنیاد پر فنڈ ریلیز کیا جائے تاکہ ترقیاتی منصوبوں پر کنٹریکٹرز کام تیز کرکے جلد از جلد مکمل کرسکیں۔قبائلی عمائدین نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ،کورکمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل نزیراحمد بٹ ،گورنر کے پی کے اقبال ظفر جھگڑا،چیف سیکرٹری صوبہ خیبرپختون خواہ ،فنانس ڈیپارٹمنٹ سیفران کے حکام بالااور اے سی ایس فاٹا سے مطالبہ کیا کہ جنوبی وزیرستان ایجنسی کے ایک عشرے سے بند سالانہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کیلئے فنڈز ریلیز کرانے میں رکاوٹ دور کرنے کی خاطر مداخلت کریں۔

مزید : صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...