ڈیرہ میں پولیس پر فائرنگ سے اہلکار سمیت 2 جاں بحق
ڈیرہ اسماعیل خان (بیورورپورٹ)پرانی سبزی منڈی کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے ،شہید پولیس کانسٹیبل کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق تھانہ کینٹ کی حدود میں پرانی سبزی منڈی کے قریب پولیس کانسٹیبل محمد ارشد سکنہ محلہ گاڑیبان ڈیوٹی ختم کر کے گھر کیلئے سبزی منڈی کے قریب سبزی خرید رہا تھا کہ اس دوران نامعلوم ملزمان نے اس پر فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر شہید ہوگیا جبکہ ملزمان کی فائرنگ کی زد میں آکر سبزی فروش اعجاز ولد غلام رسول کہاوڑ سکنہ عمر ٹاؤن بھی جاں بحق ہوگیا ملزمان فائرنگ کے واقعے کے بعد موقع سے فرار ہوگئے واقعے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی جاں بحق محمد ارشد تھانہ سٹی میں وائرلیس آپریٹر تھا اسکا ایک سات سالہ بیٹا معذور ہے جبکہ دو چھوٹی بیٹیاں ہیں شہید محمد ارشد کا نمازجنازہ پولیس لائن میں ادا کیا گیا جس میں ریجنل پولیس آفیسر محمد کریم خان ،اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر محمد عاطف منشاء ،ڈی پی او ڈاکٹر زاہد اللہ سمیت پولیس افسران و اہلکاران نے شرکت کی بعد میں مرحوم کو سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ۔