حکومت رمضان المبارک میں قیمتوں کو کنٹرول کرے :حافظ نعیم الرحمٰن

حکومت رمضان المبارک میں قیمتوں کو کنٹرول کرے :حافظ نعیم الرحمٰن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی غذائی اجناس اور اشیائے صرف کی قیمتوں میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کر تے ہوئے حکومت اور متعلقہ اداروں کی نا اہلی و ناقص کا رکردگی کی شدید مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ حکومت مہنگائی کی موجودہ صورتحال کا نوٹس لے اور رمضان المبارک میں مہنگائی کی روک تھام اور قیمتوں کو حقیقی طور پر کنٹرول کر نے کے لیے عملی اور ٹھوس اقدامات کرے۔انہوں نے کہا کہ کئی روز ہو گئے مرغی کی قمیتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ پھل اور سبزیاں بھی مہنگی ہو رہی ہیں۔ غذائی اجناس اور اشیائے صرف عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو تی جارہی ہیں وہ پھل اور سبزیاں جو گزشتہ دنوں مناسب قیمتوں پر دستیاب تھیں وہ اب بازاروں میں مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہیں اور حکومت اور متعلقہ ادارے مجرمانہ طور پر خاموشی اختیار کیے ہو ئے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہمیشہ یہ ہو تا ہے کہ رمضان المبارک کے آتے ہی مہنگائی میں اضافہ ہو جا تاہے اور عوام کو شدید مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کر نا پڑتا ہے جبکہ حکومت و متعلقہ ادارے زبانی جمع خرچ کر نے اور اخباری بیانات دینے کے سوا کچھ نہیں کرتے۔ بازاروں اور مارکیٹوں میں سرکاری مقرر کردہ نرخوں کی لسٹیں لگ جاتی ہیں لیکن ان پر عمل درآمد نہیں ہو تا۔بعض علاقوں اور مارکیٹوں میں صرف دکھانے کے لیے ٹیمیں بھیج کر دوکانداروں کے خلاف کاروائی کرنے کے دعوے کیے جا تے ہیں لیکن صورتحال میں عملاً کوئی بہتری نہیں آتی۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ مہنگائی کی بڑھتی ہوئی صورتحال کا فی الفور نوٹس لیا جائے۔ حکومت اور متعلقہ ادارے حر کت میں آئیں اور اپنی ذمہ داری کو پوری کر نے کے لیے اقدامات کریں اور عوام کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائیں۔