پی سی بی نے یاسر شاہ کو فٹ اوروزن کم کرانے کیلئے خصوصی ایروبک ایکسرسائز شروع کرا دیں

پی سی بی نے یاسر شاہ کو فٹ اوروزن کم کرانے کیلئے خصوصی ایروبک ایکسرسائز شروع ...

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان کرکٹ بورڈ کا میڈیکل پینل لیگ اسپنر یاسر شاہ کو فٹ کرنے کے ساتھ ان کا وزن کم کرنے پر بھی خصوصی توجہ دے رہا ہے۔اس وقت یاسر شاہ کی عمر 32 سال ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کا میڈیکل پینل انہیں 35 سال تک فٹ دیکھنے کے لیے کام کررہا ہے۔

نجی چینل کے مطابق یاسر شاہ اکتوبر میں کرکٹ کے میدان میں دوبارہ سے ایکشن میں نظر آنے کے لیے ان دنوں سرتوڑ ٹریننگ کررہے ہیں اور ان سیریز میں کچھ اسپیشل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔آئندہ 7 ماہ کے دوران پاکستانی کرکٹ ٹیم کو 3 بڑی ٹیموں نیوزی لینڈ ،آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے خلاف اہم ترین ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہیں اور ان سیریز میں اسٹار لیگ اسپنر یاسر شاہ کا کردار اہم ہوسکتا ہے۔

قومی کرکٹ اکیڈمی لاہور میں اسٹار کرکٹر کو فٹ کر نے کے لیے انہیں خصوصی ایروبک ایکسرسائز کرائی جارہی ہیں۔یاسر شاہ کو فٹنس مسائل سے نکالنے کے ساتھ ساتھ انہیں ایک اچھا ایتھلیٹ بنایا جارہا ہے تاکہ وہ کم از کم تین سال کے لیے فٹنس کے مسائل کے نجات حاصل کرسکیں۔

خیال رہے کہ یاسر شاہ گھٹنے کی تکلیف اور کولہے میں فریکچر کی وجہ سے آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچز سے باہر ہوگئے تھے ۔

یاسر شاہ کا کہنا ہے کہ وہ لاہور میں ری بحالی نو کے عمل سے گزرنے کے بعد بہتر محسوس کررہے ہیں اور پرستاروں کے شکر گزار ہیں جن کی دعاو¿ں کی وجہ سے فٹنس میں بہتری آئی ہے۔ڈاکٹر سہیل سلیم یاسر شاہ کی فٹنس پر کام کررہے ہیں۔ اس بار ایروبک کے ذریعے ان کا وزن کم کرایا جارہا ہے۔

چینل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یاسر شاہ اکتوبر نومبر میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی سیریز میں فٹ ہوکر پاکستانی ٹیم میں شرکت کریں گے۔یاسر شاہ کا کولہے کا فریکچر ٹھیک ہورہا ہے لیکن انہیں وزن کم کرانے کے لیے سخت ٹریننگ کرائی جارہی ہے۔ یاسر شاہ زیادہ وقت لاہور کی قومی اکیڈمی میں گزار رہے ہیں۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ دو سے تین ماہ میں وہ سپرفٹ ہوجائیں گے اور اس سے پہلے ان کی فٹنس کے حوالے سے کوئی خطرہ مول نہیں لیا جائے گا۔

مزید : کھیل

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...