اگر موٹاپے سے بچنا چاہتے ہیں تو دن میں صرف اس وقت پر کھانا کھایا کریں، سائنسدانوں نے پتلے جسم کا راز سب کو بتادیا
کنبرا(مانیٹرنگ ڈیسک) موٹاپے سے نجات حاصل کرنا جان جوکھوں کا کام ہے، بسااوقات مہنگے علاج اور کڑی ورزشیں بھی بے کار جاتی ہیں کیونکہ ان سے ہاتھ اٹھانے پر موٹاپا بھی واپس آ جاتا ہے۔ تاہم اب سائنسدانوں نے کھانے کے وقت کے حوالے سے ایک ایسا مفید مشورہ دے دیا ہے جس عمل کرکے نہ صرف آدمی موٹاپے سے محفوظ رہ سکتا ہے بلکہ جو لوگ اس کا شکار ہیں وہ اس میں کمی بھی لا سکتے ہیں۔ میل آن لائن کے مطابق سائنسدانوں نے چوہوں پر کی گئی نئی تحقیق کے نتائج میں بتایا ہے کہ ”موٹاپے سے بچنے کے لیے آدمی کو دن کے 12گھنٹوں کے دوران کھانا کھانا چاہیے اور باقی 12گھنٹے فاقہ کرنا چاہیے۔ کھانے کے ان 12گھنٹوں کا تعین آدمی اپنی مرضی سے کر سکتا ہے، یہ دن کے 10بجے سے رات کے 10بجے تک کا وقت ہو سکتا ہے، یا پھر رات کے اوقات میں بھی 12گھنٹوں کا تعین کیا جا سکتا ہے۔“
یوٹیوب چینل سبسکرائب کرنے کیلئے یہاں کلک کریں
اس تحقیق میں آسٹریلیا کی یونیورسٹی آف ایڈیلیڈکے سائنسدانوں نے چوہوں کے دو گروپوں میں سے ایک کو 12گھنٹے کے اس فارمولے کے تحت چکنائی والی خوراک دی جبکہ دوسرے گروپ کو چکنائی کے بغیر کھانا دیتے رہے تاہم ان کا کھانے کا دورانیہ 12گھنٹے سے زیادہ، یعنی صبح سے رات گئے تک تھا۔ تین ہفتے بعد ہی نتائج واضح ہونا شروع ہو گئے۔ جن چوہوں کو 12گھنٹوں کے دوران چکنائی والا کھانا دیا جا رہا تھا اور باقی وقت بھوکا رکھا جا رہا تھا ان کا وزن چکنائی کھانے کے باوجود بہت کم شرح سے بڑھا۔ ان کے برعکس جن چوہوں کو ناشتے کے وقت سے رات گئے تک کھانا کھلایا گیا ان کا وزن بہت تیزی سے زیادہ ہوا۔
تحقیقاتی ٹیم کی سربراہ پروفیسر امینڈا پیج کا کہنا تھا کہ ”ہم نے دونوں گروپوں کے چوہوں کو یکساں کیلوریز کی حامل خوراک دی۔ اس میں فرق صرف اتنا تھا کہ ایک گروپ کو صرف آدھے دن کے دوران کھانا دیا گیا جبکہ دوسرے گروپ کو پورا دن اتنی ہی کیلوریز کی خوراک دی گئی۔ اس تحقیق کے نتائج حیران کن تھے کیونکہ پہلے گروپ کے چوہے دوسرے گروپ کے چوہوں کی نسبت بہت کم موٹے ہوئے تھے۔“