پنجاب میں نیا معاشی ماہر لانے کا فیصلہ
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) پنجاب میں نیا معاشی ماہر لانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر اکرم چوہدری نے استعفیٰ دے دیا، بجٹ سازی کے لیے ماہر اقتصادیات ڈاکٹر سلمان شاہ کو ذمہ داری دیے جانے کا امکان ہے۔نجی نیوز چینل جیو نیوز کے مطابق پنجاب حکومت کو ریونیو ریکوری میں کمی اور بجٹ سازی میں مشکلات ہیں ، پنجاب ریونیو اتھارٹی بھی اہداف حاصل نہیں کرپائی۔پنجاب حکومت نے بجٹ سازی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے سابق وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر سلمان شاہ کو ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں انہیں وزیراعلیٰ کا مشیر خزانہ بنایا جارہا ہے، اس مقصد کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے مشیر اکرم چوہدری سے قلمدان واپس لیا جارہاہے۔ذرائع کے مطابق اکرم چوہدری نے اپنا استعفیٰ وزیراعلیٰ کو بھجوا دیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیروں کی تعداد 5 ہے اور وہ ایک وقت میں اتنے ہی مشیر رکھ سکتے ہیں، اکرم چوہدری کو پنجاب فوڈ اتھارٹی کا چیئرمین بنانے کیلئے سمری وزیراعلیٰ کو ارسال کردی گئی ہے۔