او جی ڈی سی ایل نے گیس و کنڈنسیٹ کے ذخائر دریافت کر لئے
لاہور(پ ر)آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے ایکسپلوریٹری ویل مینگریو نمبر1 نم بلاک سے گیس و کنڈنسیٹ تیل کے ذخائر دریافت کر لئے ہیں، جو ضلع ٹنڈو محمد خان، صوبہ سندھ میں واقع ہے۔ او جی ڈی سی ایل مینگریو ویل نمبر 1 پر بطور آپریٹر کام کر رہی ہے اور کمپنی کے حصص 95 فیصد ہیں جبکہ گورنمنٹ ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ اس میں پانچ فیصد کی حصہ دار ہے۔ ایکسپلوریٹری ویل مینگریو نمبر1 کی کھدائی اور تجزئیے کے لئے مکمل طور پر او جی ڈی سی ایل کے ماہرین پر انحصار کیا گیا۔ کنویں کی کھدائی 2676 میٹر تک کی گئی۔ جہاں پر 10.44 ایم ایم ایس سی ایف گیس اور 120 بیرل کنڈنسیٹ تیل یومیہ 32/64 چوک کے ذریعے حاصل ہو گا اور ویل ہیڈ فلوئینگ دباو 2085 فی مربع انچ ( پی ایس آئی) ہے۔ او جی ڈی سی ایل کی تیل و گیس کی یہ دریافت کمپنی کی شاندار حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔ اس دریافت سے ہائیڈروکاربن کے ملکی ذخائر میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔ جس کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔