کوئٹہ دھماکہ کا مقدمہ درج، چاروں پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا

کوئٹہ دھماکہ کا مقدمہ درج، چاروں پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا

کوئٹہ(آئی این پی ) کوئٹہ منی مارکیٹ دھماکے کا مقدمہ کوئٹہ کے تھانے سی ٹی ڈی میں ، نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا، نامعلوم افراد کے خلاف درج کیے گئے مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کا مقدمہ سیٹلائٹ ٹا ﺅ ن کے ایس ایچ او کی مدعیت میں تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیے گئے مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔دریں اثناءدھماکہ میں شہید چاروں اہلکاروں کی نمازجنازہ پولیس لائن میں ادا کردی گئی۔ شہدا کی نمازجنازہ میں وزیراعلی بلوچستان جام کمال، صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا لانگو، آئی جی پولیس محسن حسن بٹ سمیت اعلی سول وعسکری حکام نے شرکت کی۔اس موقع پروزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ ایک گھنا ونی سازش کے تحت صوبے اور ملک میں امن کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، جس کا پوری قوت سے مقابلہ کیا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روزمنی مارکیٹ میں مسجد کے باہرنمازیوں کی حفاظت کے لیے موجود پولیس وین امن کے دشمنوں کا نشانہ بنی تھی جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکارشہید ہوگئے تھے۔

کوئٹہ دھماکہ، نمازجنازہ

مزید : علاقائی