مہنگائی کی روک تھام ،رمضان بازاروں کو عید خریداری مراکز میں بدلنے کا فیصلہ

 مہنگائی کی روک تھام ،رمضان بازاروں کو عید خریداری مراکز میں بدلنے کا فیصلہ

لاہور ( جنرل رپورٹر)صوبائی وزیرصنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانے کے پروگراموں پر عمل پیرا ہے،حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں غربت،جہالت اوربے روزگاری کے خاتمے کے لئے ہر محاذ پر عوام کی جنگ لڑرہی ہے،عمران خان درد دل رکھنے والے عظیم لیڈر ہیں اور ان سے زیادہ غریب کی مشکلات کا احساس کسی اور کو نہیں ہو سکتا،صوبے بھر میں قائم 309رمضان بازار عام آدمی کو ریلیف فراہم کررہے ہیں،20رمضان کے بعد یہ رمضان بازار عید رمضان بازاروں میں بدل جائیں گے جہاں عید کے موقع پر استعمال ہونے والی اشیا بھی رعایتی نرخوں پر ملیں گی۔صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار اپنے کیمپ آفس میں لوگوں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سابق کرپٹ حکمران جہاں قومی معیشت کی بربادی کے ذمہ دار ہیں وہیں ان کی کرپشن اور وسائل کی لوٹ مار سے قومی ادارے تباہ ہوئے۔ملک کی آئندہ نسلیں بھی قرضوں میں ڈوبی،ملک غربت،جہالت اور بے روزگاری جیسے مسائل کا شکار ہوا۔سابق حکمرانوں کی کرپشن اور ناقص معاشی پالیسیوں کے باعث جو تباہی آئی اسی بنا پر حکومت کو آج مشکل فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں تاہم یہ مشکلات وقتی ہیں اور یہ مشکل فیصلے اوراقدامات آنے والے وقت میں قوم کے مستقبل کے لئے اچھے ثابت ہوں گے۔صوبائی وزیر نے نئے بلدیاتی نظام پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نیا بلدیاتی نظام عوام کی امنگوں کا ترجمان ہے جو عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا ذریعہ بنے گا۔پی ٹی آئی کی حکومت نے ایسا بلدیاتی نظام متعارف کرایا ہے جس کے تحت اختیارات صحیح معنوں میں عوام کو منتقل ہوں گے اور انہیں اقتدار میں شمولیت کا احساس ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بلدیاتی نظام دے کر ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔فرسودہ اور پرانے بلدیاتی نظام کا خاتمہ کرکے نئے نظام کا اجرا پنجاب حکومت کا تاریخی کارنامہ ہے اور یہ نیا نظام وزیراعظم عمران خان کے عوام دوست ویژن کا عکاس ہے۔بعدازاں صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال سے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے دفتر میں ٹی وی اینکرز اور کامرس رپورٹرز کے وفد نے بھی ملاقات کی۔میاں اسلم اقبال نے محکمہ صنعت وتجارت کی کارکردگی،اہداف اور آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں آگاہ کیا۔صوبائی وزیر نے سرمایہ کے فروغ اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جہانزیب برانہ بھی اس موقع پر موجو دتھے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1