ایمنسٹی سکیم مسترد،بتایا جائے فائدہ کس کو ہوگا؟،پیپلز پارٹی

ایمنسٹی سکیم مسترد،بتایا جائے فائدہ کس کو ہوگا؟،پیپلز پارٹی

اسلام آباد،کراچی(سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی نے ایمنسٹی اسکیم کو مسترد کردیا، پیپلز پارٹی کی رہنماء سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ کابینہ کی جانب سے ایمنسٹی کی منظوری کا معاملہ تشویشناک ہے، عمران خان وہی سب کر رہے ہیں جس پر وہ ماضی میں تنقید کیا کرتے تھے، کہا جاتا تھا ایمنسٹی اسکیم چوروں اور ڈاکووں کے لئے ہے، بتایا جائے اب ایمنسٹی اسکیم کا فائدہ کس کو ہوگا؟ آئی ایم ایف معاہدے میں این ایف سی کا ذکر انتہائی تشویشناک ہے، این ایف سے ایک آئینی معاملہ ہے، این ایف سی میں ردو بدل کا معاملہ آئی ایم ایف سے کیسے ڈسکس کیا گیا؟۔ منگل کو اپنے ایک بیان میں سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ ایمنسٹی اسکیم سے متعلق صرف اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیا گیا ہے، دوسری طرفپیپلز پارٹی کے مرکزی ترجمان سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ خان صاحب بتائیں کہ وہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے ذریعہ کن چوروں اور ڈاکووں کو عام معافی دے رہے ہیں۔ملک پر عالمی ساہوکار کی حکومت قائم ہو چکی ہے۔آئی ایم ایف کے کہنے پر ہر چیز مہنگی کر کے جیبوں پر ڈاکے ڈالے جا رہے ہیں۔ سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا کہ عمران خان آئی ایم ایف اور اپنے مالی سہولت کاروں کی خوشنودی میں لگے ہیں۔

پیپلز پارٹی

مزید : صفحہ اول